12 ربیع الاول کے موقع پر صدر اور وزیر اعظم کا خصوصی پیغام

zardari

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آپﷺ رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے ہدایت کا سرچشمہ ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ عہد کریں اختلافات کو پس پشت ڈال کر ملک اور قوم کی ترقی کے لیے کام کریں گے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے 12 ربیع الاول کے موقع پر قوم کے لیے خصوصی پیغامات جاری کیے۔ صدر آصف علی زرداری نے 12 ربیع الاول کے پرمسرت موقع پر قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں آپﷺ کی ولادت کی صورت میں عظیم نعمت عطا فرمائی۔

انہوں نے کہا کہ آپﷺ رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے ہدایت کا سرچشمہ ہیں۔ اور یہ دن ہر مسلمان کے دل میں عشق رسولﷺ کی شمع روشن کرتا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے امت مسلمہ اور پاکستانی عوام کو عید میلاد النبیﷺ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 12ربیع الاول کو اللہ تعالی نے بنی نوع انسان کی رہنمائی کے لیے کامل ہدایت کا نور عطا کیا۔ حضرت محمدﷺ نے ہمیں اتحاد، محبت اور بھائی چارے کی تلقین کی۔

انہوں نے کہا کہ عہد کریں اختلافات کو پس پشت ڈال کر ملک وقوم کی ترقی کیلئے کام کریں گے۔ نبی اکرمﷺ نے ہمیشہ کمزوروں، یتیموں اور ضرورت مندوں کی مدد کا درس دیا۔ آج کے دن ہمیں غربت، بھوک اور مشکلات کا شکار لوگوں کی طرف توجہ دینی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: آئینی ترمیم پر ہم اور فضل الرحمان متفق ہوں گے تو حکومت کو بتائیں گے، خورشید شاہ

شہباز شریف نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم نبی پاکﷺ کے عمل کو اپنائیں۔ اس موقع پر ہمیں مظلوم فلسطینی اور کشمیری بھائیوں، بہنوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے۔ نبی اکرمﷺ نے ہمیشہ انصاف، آزادی اور حقوق انسانی کے تحفظ کی تعلیم دی۔

انہوں نے کہا کہ ہم دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ اہل فلسطین، اہل کشمیر کو آزادی اور انصاف عطا فرمائے۔ ہمارا فرض ہے کہ ان مظلوموں کے حق میں ہر فورم پر آواز اٹھائیں۔ اور ہمارا فرض ہے کہ ہم عالمی برادری کو ان کی حمایت پر آمادہ کریں۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالی پاکستان کو امن، ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنائے۔ ہم سب کو نبی کریمﷺ کی سیرت پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔


متعلقہ خبریں