ٹکٹوں پر ناانصافی ہوئی تو آواز اٹھائیں گے، جہانگیر ترین


لودھراں: تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرخان ترین نے کہا ہے کہ میں اصول کی سیاست کرتا رہوں گا اور اسی پر یقین رکھتا ہوں، میرا کوئی ذاتی مفاد نہیں۔

لودھراں میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہرآدمی کی کوشش ٹکٹ حاصل کرنا ہے، عمران خان خود ٹکٹوں کی تقسیم کر رہے ہیں، جہاں ناانصافی ہوئی وہاں آواز اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سے کسی خاتون کو ٹکٹ نہ دینا ناانصافی ہے، اس پر بات کی جائے گی لیکن پھر بھی ٹکٹوں کے لیے کوئی دھرنا دینا چاہے تو یہ اس کی مرضی ہوگی۔

پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ تحریک انصاف میں کارکن کی حیثیت سے کام  کر رہا ہوں، ہمارا مقصد ہرحلقے سے جیت کرعمران خان کو وزیراعظم بنانا ہے، انہوں نے کہا کہ وہ کسی کے خلاف بات کرنا پسند نہیں کرتے تاہم شاہ محمود قریشی کی پریس کانفرنس دیکھ  کرجواب دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سب نے پارٹی کی باتیں باہر نہ کرنے کا عہد کیا تھا اور آج بھی پارٹی کے ساتھ ایسے ہی کھڑا ہوں جیسے پہلے تھا، انہوں نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف اور زرداری حکومتی وسائل استعمال کرتے تھے جس سے عوام کا نقصان ہوا جبکہ عمران خان جس جہاز میں عمرہ ادا کرنے گئے وہ حکومت کا نہیں تھا۔


متعلقہ خبریں