شہباز شریف بھی کروڑ پتی، لندن میں تین جائیدادوں کے مالک


لاہور: سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ نون کے صدر شہبازشریف بھی کروڑ پتی نکلے۔

شہبازشریف کی جانب سے الیکشن کمیشن کو پیش کی گئی دستاویزات کے مطابق وہ 172 کنال اراضی کے مالک ہیں، ان کے نام پر ایک لینڈ کروزر گاڑی ہے اور وہ حمزہ اسپننگ ملز اورحدیبیہ پیپر ملز سمیت پانچ  ملز کے شیئرہولڈر ہیں جبکہ ان کے اثاثوں کی کل مالیت 15 کروڑ روپے کے لگ بھگ ہے۔

مسلم لیگ نون کے صدر کا ایک کروڑ 14 لاکھ  دو ہزار چھ سو 94 روپے کا  بینک بیلنس ہے اور انہوں نے بینک سے 38 لاکھ 94 ہزار پانچ سو 18 روپے کا قرض لے رکھا ہے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے جائیداد کی جو تفصیل بتائی ہے اس کے مطابق شیخوپورہ میں انہیں 88 کنال زمین جبکہ لاہور میں 568  کنال کی جائیداد والدہ کی طرف سے بطور تحفہ ملی ہے،  لندن میں ان کی بتائی گئی تین جائیدادوں کی قیمت 12 کروڑ 61 لاکھ  روپے ہے۔

دستاویزات کے مطابق ان کی دو بیویاں نصرت شہباز اور تہمینہ درانی ہیں، نصرت شہباز کے پاس مجموعی طور پر 22 کروڑ 56 لاکھ روپے کے اثاثے ہیں جبکہ تہمینہ درانی 57 لاکھ روپے کے اثاثوں کی مالک ہیں۔


متعلقہ خبریں