اسلام آباد: صدر مملکت ممنون حسین اور نگراں وزیراعظم جسٹس ( ر) ناصر الملک نے عوام کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی ہے۔
صدر مملکت نے عیدالفطر کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسلام کی حقیقی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر معاشرتی ناہمواریوں کو دور اور وطن عزیز کو امن، سلامتی اور خوشیوں کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عیدالفطر شکرانے اور خوشی کا عظیم دن ہے جبکہ رمضان المبارک تربیت اور تیاری کا مہینہ ہے، اس ماہ مبارک میں حاصل ہونے والی تربیت اور تزکیہ نفس ہمیں سکھاتا ہے کہ سال کے باقی ایام بلکہ آئندہ معاملات زندگی کو کیسے چلانا ہے۔
نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے عیدالفطر کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں رمضان المبارک کے فیوض و برکات سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کیا، عیدالفطر کا دن رمضان المبارک کے حوالے سے یوم تکمیل رحمت الٰہی اور یوم تشکر ہے۔
انہوں نے کہا کہ دینی اور دنیاوی کامیابی کے لئے ضروری ہے کہ ہم پورا سال اسی جذبہ اور طرزِ عمل کا مظاہرہ کریں تا کہ اپنی زندگیوں کو صحیح معنوں میں اسلام کی تعلیمات کے مطابق ڈھال سکیں۔
