اسلام آباد(شہزاد پراچہ) وفاقی حکومت نے ابتدائی پانچ ماہ میں 4 ارب 28 کروڑ ڈالر کابیرونی قرض حاصل کیا۔
دستاویزات کے مطابق وزارت اقتصادی امور ڈویژن نے جولائی تا نومبر حاصل ہونے والے بیرونی قرضوں و گرانٹ کی تفصیلات جاری کر دی ہیں، ابتدائی پانچ ماہ میں حکومت کو 4 ارب 28 کروڑ ڈالر کی بیرونی فنڈنگ موصول ہوئی اس میں 4 ارب 21 کروڑ ڈالر قرضہ اور 7 کروڑ ڈالر کی گرانٹ شامل ہے۔
دستاویزات کے مطابق حکومت کو 17 ارب 61 کروڑ ڈالر کے سالانہ ہدف کی نسبت پانچ ماہ میں 24 فیصد فنڈز ملے۔ سعودی عرب نے 2 ارب ڈالر کے ٹائم ڈیپازٹس جمع کرائے مزید براں سعودی عرب نے ادھار تیل کی مد میں بھی سعودی عرب نے 50 کروڑ ڈالر کی سہولت فراہم کی
نیا پاکستان سرٹیفکیٹ کی مد میں بیرون ملک سے 40 کروڑ 74 لاکھ ڈالرحاصل ہوئے، اسی طرح عالمی بینک، اے ڈی بی سمیت عالمی مالیاتی اداروں سے 78 کروڑ 66 لاکھ ڈالر ملے عالمی مالیاتی اداروں سے رواں مالی سال 5 ارب 33 کروڑ ڈالر ملنے کا تخمینہ ہے۔
دستاویزات کے مطابق چین، فرانس، جاپان، امریکہ سمیت دیگر ملکوں نے پہلے پانچ ماہ میں 8 کروڑ 30 لاکھ ڈالر فراہم کیے ہیں۔
