مہنگائی کی مجموعی شرح بڑھ کر29.88 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی

خوردنی تیل

ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح بڑھ کر29.88 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی، ایک ہفتے میں 12 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ گھی اور آئل کی فی لیٹر قیمت میں7 روپے کمی دیکھی گئی۔

وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیئے، جس کے تحت ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.71 فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔

ایک ہفتے میں مہنگائی کی مجموعی شرح 29.88 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

مہنگائی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک ہفتے میں 12 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 14 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

ایک ہفتے میں ٹماٹر 34 روپے اضافے سے 165 روپے فی کلو، پیاز کی فی کلو قیمت میں 25 روپے اضافہ ہونے کے بعد نئی قیمت 123روپے فی کلو ہوگئی۔

زندہ مرغی کی اوسطا قیمت میں 37 روپے اضافہ ہوا، نئی قیمت 349 روپے فی کلو تک پہنچ گئی، چائے کی پتی، چینی ، چاول، دودھ، لہسن، آلو، انڈوں کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اسی طرح ایک ہفتے میں ایل پی جی گھریلو سلنڈر 33 روپے کمی سے 3125 روپے، گھی7 روپے کمی سے 522 روپے فی کلو کا ہوگیا، دال مونگ، دال چنا، ماش، کیلا، گڑ، دال مسور اور آٹے کی قیمتوں میں معمولی کمی ہوئی۔مزید برآں نیوز ایجنسی کے مطابق ملک میں خوردنی تیل کی درآمدات میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی (جولائی تاستمبر) میں سالانہ بنیاد پرکمی ریکارڈکی گئی، سویابین آئل کی درآمد میں سالانہ بنیاد پر48.56 فیصد اورپام آئل میں 34.16 فیصد کمی ریکارڈکی گئی۔


متعلقہ خبریں