اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی جانب سے جہلم کے لیے صوبائی اسمبلی کا ٹکٹ پانے والے چوہدری ثقلین نے الیکشن لڑنے سے انکار کردیا ہے۔
معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے چوہدری ثقلین کا کہنا ہے کہ میں پی پی 25 کا امیدوار ہی نہیں ہوں اورنہ ہی اس حلقے سے انتخابات میں حصہ لوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ برادری اور نظریاتی کارکنوں کے ساتھ بنی گالہ جا کر احتجاج کریں گے اگر ہمارے احتجاج کو نہ سنا گیا تو ضلع جہلم کے تمام حلقوں سے اپنا آزاد پینل بنائیں گے۔
متعلہ خبر: میرٹ پر امیدوار میدان میں اتارنے کی کوشش کی، عمران خان
چوہدری ثقلین کا کہنا تھا کہ اگر ہماری بات مانی جاتی ہے تو سیٹیں جیت کر پی ٹی آئی کے حوالے کریں گے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے جاری کردہ ٹکٹوں پر ناراضگی ظاہر کرنے والے چوہدری ثقلین کے حامیوں کا کہنا ہے کہ جہلم میں تحریک انصاف کی جانب سے قومی اسمبلی کی دونوں نشستیں پارٹی ترجمان فواد چوہدری کی ایماء پر دی گئی ہیں۔ ایک نشست پر وہ خود جب کہ دوسری پر ان کے عزیز فرخ الطاف ہیں۔
یہ بھی دیکھیں: پی ٹی آئی کی تبدیلی موروثیت سے شکست کھا گئی
اتوار کے روز تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر شہزاد وسیم بھی پی پی 15 کی نشست سے دستبردار ہوگئے تھے۔
قبل ازیں جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین بھی پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے سے انکار کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا تعلیم کی وجہ سے فی الحال انتخابی سیاست کو وقت نہیں دے سکتا۔