سکیورٹی فورسز نے شمالی اور جنوبی وزیرستان کے اضلاع میں 2 مختلف کارروائیوں کے دوران 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا، فائرنگ کے تبادلے میں 4 فوجی جوان وطن پر قربان ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان پہلی جھڑپ شمالی وزیرستان کے علاقے غوریوم میں ہوئی، سکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتہ لگایا۔
آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں 6 دہشت گرد جہنم واصل ہو گئے، ہلاک دہشت گرد کمانڈر حضرت زمان عرف خاورے ملا دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم تھا۔
فورسز کی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں لانس نائیک تبسم الحق، سپاہی نعیم اختر اور سپاہی عبدالحمید نے جام شہادت نوش کیا۔
دوسری کارروائی جنوبی وزیرستان کے علاقے اسمان منزہ میں ہوئی جہاں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی فرمان علی نے جام شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شہید سپاہی فرمان علی کی عمر 25 سال اور تعلق ضلع کشمور سے ہے، شہید لانس نائیک تبسم الحق کی عمر 36 سال اور تعلق ڈسٹرکٹ راولپنڈی، شہید سپاہی نعیم اختر کی عمر 30 سال اور تعلق ڈسٹرکٹ اٹک جبکہ شہید سپاہی عبدالحمید کی عمر 23 سال ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔