کراچی: جنوبی افریقہ کی ویمنز کرکٹ ٹیم نے پہلے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں پاکستان کو 127 رنز سے شکست دے دی۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان بین الاقوامی ایک روزہ میچز کی سیریز کا پہلا میچ کھیلا گیا۔ جنوبی افریقہ کی ویمنز ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 292 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ ویمنز ٹیم کی جانب سے سن لوس ناقابل شکست 107 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں جبکہ ماریزان کپ نے 100 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے ناشرا سندھو نے 2 جبکہ ام ہانی اور عالیہ ریاض نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
جوابی اننگز میں قومی ویمنز ٹیم کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور 293 رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 37ویں اوورز میں 165 رنز ہی بنا سکی اور تمام کھلاڑی آؤٹ ہو گئیں۔
پاکستان کی عالیہ ریاض نے سب سے زیادہ 49 رنز کی اننگز کھیلی۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے نادین اور نان کولولیکو نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔
دوسری جانب قومی ویمنز ٹیم کی کپتان ندا ڈار اپنے کیریئر کا 100واں ون ڈے میچ کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ عالیہ ریاض نے اپنے ون ڈے کیریئر کے ایک ہزار رنزز مکمل کیے۔
