انصاف ملنے تک جدوجہد جاری رکھوں گی، عائشہ احد کا بیان ریکارڈ


لاہور: سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے صاحبزادے اور سابق رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز کی  اہلیہ ہونے کی دعویدارعائشہ احد نے کہا ہے کہ مجھےاغوا کیا گیا لیکن کارروائی نہیں کی گئی اور نہ ابھی تک  پولیس نے کسی کو گرفتار کیا، حمزہ شہباز تو باہر ہے لیکن باقی پانچ افراد تو یہیں موجود ہیں۔

لاہورمیں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ مقدمے میں نامزد ملزموں کی گرفتاری چاہتی ہوں اور جب تک انصاف نہیں ملے گا اپنی جدوجہد جاری رکھوں گی،  مجھے انصاف کی امید ہے اور تھی، اسی لیے آج تک جدو جہد کی۔

عائشہ احد نے بتایا کہ پولیس ہمیں جائے وقوعہ پر لے جانا چاہتی تھی لیکن ہم نہیں گئے تا ہم پولیس کی جانب سے ہمیں مکمل سیکیورٹی مہیا کردی گئی ہے، انہوں نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ میرے مجرم تفتیش میں اپنا پرچہ خارج نہ کرا لیں کیونکہ ساری بیوروکریسی اور پولیس ان کے ساتھ  ہے۔

عائشہ نے بتایا کہ میری ایک ایف آئی آر درج ہوئی ہے اور اپنے اغوا کے حوالے سے دوسری درخواست دی ہے لیکن اس پر بھی ابھی تک کارروائی نہیں ہوئی۔

انہوں نے پولیس کو دیے گئے بیان کے بارے میں بتایا کہ میں نے پولیس سے سوال کیا ہے کہ آپ  پر کیسے یقین کروں، آپ نے تو اب تک اپنے انسپکٹر کو بھی گرفتار نہیں کیا۔

گزشتہ ہفتے مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کی مبینہ اہلیہ عائشہ احد کی درخواست پرسپریم کورٹ نے حمزہ شہباز کو طلب کیا تھا تا ہم ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت عظمیٰ کو بتایا کہ حمزہ شہباز بیرون ملک گئے ہوئے ہیں اور تین سے چار روز میں واپس آ جائیں گے۔


متعلقہ خبریں