میرے پاس اوریجنل سائفر کی کاپی آئی نہ کبھی دیکھی، چیئرمین تحریک انصاف کا جوائنٹ انکوائری ٹیم کو بیان

PTI

اسلام آباد(زاہد گشکوری، ہم نیوز انویسٹی گیشن ٹیم ہیڈ) میرے پاس اوریجنل سائفر کی کاپی آئی نہ کبھی دیکھی، یہ انکشاف چیئرمین تحریک انصاف نے ایف آئی اے کی جوائنٹ انکوائری ٹیم کے سامنے ایک بیان میں کیا۔

باوثوق ذرائع نے ہم انویسٹگیشن ٹیم کو بتایا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ نے ٹیم کو بتایا ہے کہ ان کے پاس کبھی بھی اصل سائفر کی کاپی نہیں آئی لہذا اس لیے یہاں سیکرٹ ایکٹ کی کوئی خلاف ورزی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

چئیرمین تحریک انصاف نے ٹیم ممبران کو مزید بتایا کہ ان کو وزارت خارجہ کی جانب سے سائفر کے اصل مواد کی ایک مختصر سمری موصول ہوئی تھی، جو انہوں نے اپنے اجلاس میں دکھائی تھی،

ذرائع نےہم انویسٹگیشن ٹیم کو چئیرمین تحریک انصاف کی انکوائری ٹیم کے سامنے پیشی کی اندرونی کہانی بتاتے ہونے انکشاف کیا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین نے واضح کیا کہ وہ انکوائری ٹیم سے تعاون کریں گے،سائفر کے اصل مواد کی موصول سمری پر کوئی خفیہ کوڈ درج نہیں تھا۔

انہوں نے بیان میں مزید بتایا کہ میں ایک سیاسی آدمی ہوں لہذا عوام کو اپنی جماعت کا بیانیہ دینا میرا آئینی حق ہے۔

سائفرکی اصل کاپی کہاں ہے کے جواب میں تحریک انصاف کے چیئرمین نے ٹیم کو بتایا کہ اس سوال کا جواب سیکرٹری خارجہ، اس وقت پاکستان کے امریکہ میں سفیر یا وزارت خارجہ سے پوچھیں،

ہم انویسٹگیشن ٹیم کو ایف آئی اے ذرائع نے مزید بتایا کہ تحقیقاتی ٹیم کے ساتھ چیئرمین تحریک انصاف کا رویہ دوستانہ تھا۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ چیئرمین تحریک انصاف نے تحقیقاتی ٹیم کے کئی سوالات کے تسلی بخش جوابات نہیں دیئے اس لیے چیئرمین تحریک انصاف کو دوبارہ اگست کے پہلے ہفتے میں طلب کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں