ومبلڈن فائنل ہارنے کے بعد نوواک جوکووچ پر بھاری جرمانہ عائد


ومبلڈن ٹینس کے فائنل میں شکست کے بعد ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ پر میچ کے دوران غصے میں آکر اپنا ریکٹ زمین پر پھینکنے کے عمل پر بھاری جرمانہ عائد کردیا گیا۔

اسپورٹس سے متعلق خبریں شائع کرنے والی ویب سائٹ اسپورٹس کیڈا کے مطابق ومبلڈن فائنل کے دوران پانچویں سیٹ میں نوواک جوکووچ نے غصے میں آکر اپنا ریکٹ زمین پر دے مارا۔ ریکٹ نیٹ کے پول سے لگ کر ٹوٹ گیا تھا جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر منظر عام پر آئی تھیں۔

پاکستانی نوعمر ٹینس پلیئر کا اعزاز،چاند ی کا تمغہ جیت لیا

نوواک جوکووچ کے اس عمل کے بعد امپائر نے انہیں قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر فوری طور پر وارننگ جاری کردی تھی۔ میچ کے اختتام پر جوکووچ پر ریکٹ  پھینکنے پر 6 ہزار 117 پاؤنڈز یعنی 8 ہزار ڈالرز کا بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔

اس حوالے سے میچ کے بعد جوکووچ نے ریکٹ پھینکنے والے عمل پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ‘جو ہوا وہ صرف مایوسی تھی، دوسرے سیٹ میں میرے پاس بریک پوائنٹس تھے لیکن پھر کارلوس الکاریز نے شاندار کھیل پیش کیا جو جیتنے کیلئے کافی تھا’۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز مسلسل چار بار ومبلڈن ٹینس کا فائنل جیتنے والے نوواک جوکووچ کو ومبلڈن ٹینس کے فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اسپین کے ٹینس کھلاڑی کارلوس الکاریز نے فائنل جیت کر تاریخ رقم کی تھی۔

نئی تاریخ رقم، مسلسل 4 بار ومبلڈن فائنل جیتنے والے جوکووچ کو الکاریز کے ہاتھوں شکست

ٹینس اسٹار کارلوس الکاریز نے اپنے کیرئیر کا پہلا گرینڈ سلیم ٹائٹل اپنے نام کیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان کھیلے جانے والا فائنل میچ 4 گھنٹے 42 منٹ تک جاری رہا۔ کارلوس الکاریز پہلے سیٹ میں ہار گئے لیکن انہوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے پانچ سیٹس پر مشتمل فائنل میں تین سیٹ جیت کر جوکووچ کو شکست دے دی۔

فائنل جیتنے کے بعد الکاریز کا کہنا تھا کہ ‘جب سے پیدا ہوا ہوں نوواک جوکووچ کو ٹینس ٹورنامنٹ جیتتے ہوئے دیکھ رہا ہوں۔ جوکووچ بہت ہی شاندار کھلاڑی ہیں انہوں نے مجھے بہت متاثر کیا ہے، انہیں دیکھ کر ہی میں نے ٹینس کھیلنا شروع کیا، آج ان کے خلاف میچ جیت کر اچھا محسوس کر رہا ہوں۔’


متعلقہ خبریں