پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی طرف سے مزید 6 منتخب بلدیاتی نمائندوں کو پارٹی سے نکالنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کی جانب سے نمائندوں کی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ نوٹیفیکیشن میں کہا گیا کہ میئر کراچی کے الیکشن میں غیر حاضری کے معاملے پر تسلی بخش جواب نہ دینے پر پارٹی سے نکالا گیا۔
گزشتہ روز پی ٹی آئی نے 11 منتخب بلدیاتی نمائندوں کی بنیادی رکنیت ختم کی تھی۔ پی ٹی آئی اب تک مجموعی طور پر 17 منتخب بلدیاتی نمائندوں کو میئر کے الیکشن میں غیر حاضر رہنے پر پارٹی سے نکال چکی ہے۔
میئر کراچی انتخاب کا نتیجہ زور زبردستی سے بدلا گیا، سراج الحق کا الزام
خیال رہے کہ 15 جون کو ہونے والے میئر کراچی کے انتخاب میں پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ وہاب نے جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان کو شکست دی تھی۔ مرتضیٰ وہاب کو شو آف ہینڈ کے ذریعے 173 جبکہ جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان کو 161 ووٹ ملے تھے۔
یہ بھی ذہن میں رہے کہ میئر کراچی کے انتخاب میں جماعت اسلامی کے ساتھ اتحاد کرنے والی پی ٹی آئی کے 34 اراکین پولنگ کے دوران غیر حاضر رہے تھے۔