کین ولیمسن آئی پی ایل کے بعد ورلڈکپ سے بھی باہر


کیوی بلے باز کین ولیمسن گھٹنے کی انجری کے باعث انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے بعد اب ون ڈے انٹرنیشنل ورلڈکپ سے بھی باہر ہوگئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر موجود نیوزی لینڈ کے آفیشل اکاؤنٹ سے جاری ٹویٹ کے مطابق نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کو گھٹنے کی سرجری کروانا ہوگی۔ منگل کو کیے جانے والے اسکین کی رپورٹ کے مطابق اس بات کی تصدیق کی گئی کہ آئی پی ایل میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے ان کا کروسیٹ لگمنٹ پھٹ گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق کین ولیمسن کا انڈیا میں ہونے والے ورلڈکپ سے قبل اب فِٹ ہونے کا امکان نہیں ہے جس کے باعث وہ قومی ٹیم میں سلیکشن کے لیے دستیاب نہیں ہونگے۔

کین ولیمسن زخمی، آئی پی ایل سے باہر

رپورٹ موصول ہونے کے بعد اپنے ایک بیان میں ولیمسن نے نیوزی لینڈ کرکٹ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی چوٹ لگنا میرے لیے مایوس کن ہے، لیکن میری توجہ اب سرجری کروانے اور بحالی شروع کرنے پر ہے۔ اس میں کچھ وقت لگے گا، لیکن میں جلد از جلد میدان میں واپس آنے کے لیے ہر ممکن کوشش کروں گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ولیمسن وطن پہنچنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ بیساکھیوں کا سہارا لے کر چل رہے تھے۔ ان  کا کہنا تھا کہ میرے گھٹنے میں زیادہ درد نہیں ہے مگر انجری کی نوعیت کا علم اسکین کے بعد ہی ہوگا۔ اسکین کے بعد اسپیشلسٹ سے معائنہ کراؤنگا۔

واضح رہے کہ آئی پی ایل میں اپنے پہلے میچ میں ہی باؤنڈری پر کیچ پکڑتے ہوئے کین ولیمسن زخمی ہوگئے تھے۔ انہوں نے گیند کو تھام تو لیا مگر باؤنڈری پر لینڈ ہوتا دیکھ کر اسے واپس فیلڈ میں اچھالا، اس کوشش میں وہ اپنی دائیں ٹانگ کے بَل بُری طرح گرے، جس سے گھٹنے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے۔


متعلقہ خبریں