سپریم کورٹ: کالاباغ ڈیم کیس کی سماعت آئندہ ہفتے کرے گی


اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان کا لا باغ  ڈیم کی تعمیرسے متعلق کیس کی سماعت آئندہ ہفتے کرے گی۔

چییف جسٹس آف پاکستان نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں حکم دیا کہ پانی کی کمی اور ڈیمز کی تعمیر سے متعلق دیگر مقدمات بھی آئندہ ہفتے سماعت کے لیے مقرر کیے جائیں۔

عدالت عطمیٰ کے سربراہ چیف جسٹس ثاقب نثار پانی کی قلت اور ڈیم سے متعلق کیس کی سماعت کررہے تھے۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ بچوں کو پانی نہیں دیا تو کچھ بھی نہیں دیا۔ انہوں نے پانی کی قلت کو ملک کے لیے سب سے بڑا ناسور قراردیتے ہوئے کہا کہ کئی بار کہہ چکا ہوں کہ پانی کا مسئلہ انتہائی سنگین ہے۔

عدالت عطمیٰ کے سربراہ نے واضح طور پر کہا کہ بھارت کے کشن گنگا ڈیم سے دریائے نیلم خشک ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بقا پانی پر منحصر ہے،سپریم کورٹ کی اب اولین ترجیح پانی کے مسئلے کا حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لیے جو بھی ہو سکا کروں گا۔

خصوصی بنچ کے رکن جسٹس سردار طارق نے ریمارکس دیے کہ پانی کی قلت اور ڈیمزکی تعمیر کسی سیاسی جماعت کی ترجیح نہیں ہے۔

درخواست گزرا نے عدالت کو بتایا کہ 48 سال سے ملک میں کوئی ڈیم نہیں بنا میں 20 سال سے کالاباغ ڈیم کےلیے کیس لڑ رہا ہوں۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ ہرسیاسی جماعت کے لیےالیکشن سے قبل ڈیمز کی تعمیر کا وعدہ لازمی قرار دیا جائے، الیکشن میں ووٹ کے ساتھ  کالاباغ ڈیم  پرریفرنڈم کی پرچی بھی شامل کی جائے۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کو کنفیوژ نہ کریں۔

چیف جسٹس آف پاکستان  نے واپڈا کے سابق چیئرمین شمس الملک اورظفرمحمود کوطلب کرتے ہوئے سابق چیئرمینوں کو ہدایت کی کہ پانی کی کمی سے متعلق عدالت کی معاونت کریں۔


متعلقہ خبریں