جاوید میاں داد کے عمران خان سے متعلق حیران کن انکشافات


قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میاں داد نے کہا ہے کہ عمران خان سمیت سینئرز کھلاڑیوں نے میری کپتانی میں کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔ یہ تمام کرکٹر عمران خان کے اس گروہ میں موجودگی کی وجہ سے کسی بھی کارروائی سے بچ گئے، ورنہ سب کی چھٹی ہو جاتی۔

روزنامہ ایکسپریس کو دیے گئے انٹرویو میں جاوید میاں داد سے سابق کپتان عمران خان اور ان کے مابین تعلقات کے حوالے سے سوال کیا گیا۔ جاوید میاں داد نے بتایا کہ مشتاق محمد کے بعد میں ہی پہلی بار کپتان بن گیا تھا۔ میرے انڈر عمران خان اور باقی سارے لڑکے کھیل رہے تھے۔ سیریز جیتنے کے بعد عمران خان سمیت ٹیم کے کئی سینئر کھلاڑیوں نے میری کپتانی میں کھیلنے سے منع کردیا۔ اس وقت کے کرکٹ ایڈمنسٹریٹر عبدالحفیظ کاردار صاحب بڑے سخت تھے، انہوں نے پروا کیے بغیر میری کپتانی برقرار رکھی اور ہم ان کے بغیر بھی میچ جیت گئے۔

اگر بھارت پاکستان میں نہیں کھیلنا چاہتا تو جہنم میں جائے، جاوید میانداد

سابق کپتان نے کہا کہ یہ کام بورڈ کا ہوتا ہے کہ وہ جسے چاہے کپتان بنائے، کھلاڑیوں کا کام ہے کھیلنا، دنیا میں یہ نہیں ہوتا۔ کرکٹ بورڈ صلاحیت دیکھتا ہے، سنیئر جونیئر نہیں ہوتا۔ نئے لڑکوں کو بھی یہی دیکھنا چاہیے، کپتان تو کسی ایک ہی کو بننا ہوتا ہے۔ مجھ میں صلاحیت تھی تو کپتان بنا۔

انہوں نے سابق آسٹریلوی کرکٹر کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ کیری پیکر کھیلا، جب وہاں بڑے بڑے کھلاڑی ہوتے تھے۔

سابق کرکٹر کا مزید کہنا تھا کہ بڑے کھلاڑیوں نے عمران خان کی آڑ لی تھی، کیوں کہ اگر عمران نہ ہوتا تو وہ سب دوبارہ کرکٹ میں واپس کبھی نہیں آتے۔ عمران خان کی وجہ سے وہ بھی بچ گئے، کیوں کہ عمران نوجوان تھا، بس سوچا گیا کہ یہ نہ جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی نمائندگی کرنا اعزاز ہے لیکن سب سے زیادہ اہم ٹیم میں رہنا اور اچھا کھیلنا ہے، کپتانی اہم نہیں۔

ریٹائرمنٹ کے سوال پر جاوید میاں داد کا کہنا تھا کہ میں نے بہت اچھا فیصلہ کیا۔ برے کھیل پر بے دخل ہوتا، اس سے پہلے عزت اور وقار کے ذریعے چلے جانا بہتر تھا۔


متعلقہ خبریں