اداروں کیخلاف بولنے والے ہاتھوں میں تسبیح پکڑ کر حاجی بن گئے ہیں، فیاض چوہان


لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب ترجمان فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ اداروں کے خلاف بولنے والے آج ہاتھوں میں تسبیح پکڑ کر حاجی بن گئے ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان فیاض الحسن چوہان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ حکومت اور آل شریف سیاست میں ناکام طوفان اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں اور ریاستی اداروں کے خلاف زبان استعمال کرنے والے آج پی ٹی آئی کے خلاف بات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کی مشہور و معروف جرنلسٹ نے کتاب میں نواز شریف کی حقیقت لکھی ہے جبکہ لوٹ مار ایسوسی ایشن کے کئی ویڈیو کلپ اداروں کے خلاف بولنے کے موجود ہیں لیکن آج یہ ہاتھ میں تسبیح پکڑ کر حاجی بن گے ہیں۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ن لیگ کی ملازمہ الزام لگاتی ہیں کہ پی ٹی آئی کی وجہ سے یہ حالات ہیں جبکہ ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس ہمارے دور میں اکٹھا ہوا۔ کیا ملک کی تاریخ میں ایکسپورٹ میں سب سے زیادہ اضافہ ہونا نااہلی ہے؟

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے کارکنان بھی عمران خان کے اقدامات سے ناراض ہیں، مریم اورنگزیب

سیلاب متاثرین کی ریلیف سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عیسی خیل میں آنے والے سیلابی ریلے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے 8 لاکھ روپے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پارکنگ مافیا پرسر پیکار تھا اور ن لیگ والے اپنی حکومت میں کارکنوں کو پارکنگ کے ٹھیکے دے کر لوٹ مار کرتے تھے تاہم وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی نے فیصلہ کیا ہے کہ اب پارکنگ مافیا کو پنپنے نہیں دیا جائے گا۔

ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حمزہ شہباز کی حکومت پرفارم کچھ نہیں کر رہی تھی بلکہ تاجروں پر پابندیاں لگا رہی تھی لیکن وزیر اعلی پرویز الہٰی نے تاجروں پر تمام پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے اور تمام اضلاع سے پارکنگ فیس کو بھی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔


متعلقہ خبریں