وزیر اعظم نے بارش، سیلاب سے متاثر گھروں کیلئے امداد کا اعلان کر دیا


اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے بارش اور سیلاب سے متاثر ہونے والے گھروں کیلئے امداد کا اعلان کر دیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ علاقوں کا فضائی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میں سیلابی پانی جھل مگسی کے گاؤں میں دیکھ کے آیا ہوں جہاں 8 سے 10 فٹ پانی کھڑا تھا اور لوگوں کے مال مویشی سیلابی پانی میں بہہ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جھل مگسی میدانی علاقہ ہے اس لیے زیادہ نقصان نہیں ہوا۔ کوئٹہ، چمن، لسبیلہ، قلعہ عبداللہ اور لورالائی سمیت کئی علاقوں میں تباہی ہوئی ہے۔ بارشوں سے 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر بحالی کا کام کرے گی، اسلام آباد میں بھی 4 دن پہلے اس حوالے سے میٹنگ کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 300 سے زائد لوگ بارشوں سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔ جن کا گھر کچا ہویا پکا مکمل طور پر تباہ ہوا ہے تو انہیں 5 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔ جن کے گھر کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے انہیں 2 لاکھ روپے فراہم کیے جائیں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ مال مویشی اور فصلوں کے نقصان کے جائزہ کے لیے کمیٹی بن گئی ہے اور کمیٹی میں چاروں صوبوں کی نمائندگی ہے۔ سڑکوں اور پلوں وغیرہ کو پہنچنے والے نقصانات کا صوبوں سے مل کر ازالہ کریں۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن تینوں جماعتوں کو فنڈنگ کا فیصلہ اکٹھا جاری کرے، فواد چودھری

وزیر اعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں اور خاص طور پر گوٹھ علی مردان شمبانی کا بھی فضائی دورہ کیا۔ چیف سیکرٹری بلوچستان نے وزیراعظم کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں پر بریفنگ دی۔

وزیر اعظم بلوچستان کا دورہ کرنے کے لیے جیکب آباد پہنچے جہاں سے بلوچستان کے علاقے جھل مگسی روانہ ہوئے۔

اس سے قبل وزیر اعظم کو نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی حکام، چیف سیکرٹری بلوچستان نے اور لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز نے وزیر اعظم کو بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر بریفنگ دی۔

 


متعلقہ خبریں