وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ جو اوآئی سی کانفرنس روکے گا اس کی چیخیں نکلیں گی۔ذمہ داروں ایک فون آنے پر آپ لیٹ گئے، اتحادی آصف زرداری کے کہنے میں نہیں آئیں گے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ او آئی سی کو ناکام بنانے کی کوشش کرنے والے سامراجی ایجنٹ ہیں ۔ کوئی مائی کا لال ہے تو اوآئی سی کانفرنس میں مداخلت کرے۔ان کی چیخیں آسمان تک سنائی دیں گی۔ ذمہ داروں کا ایک فون آیا تو آپ لیٹ گئے ۔ہمت ہے تو کانفرنس میں آکر دکھاؤ ، ان کا باپ بھی او آئی سی کانفرنس ناکام نہیں کرسکتا۔ بلاول کے ابھی دودھ کے دانت نہیں ٹوٹے۔ کہتے ہیں دھرنا دیں گے شکل دیکھو اپنی۔
انہوں نے کہا ہے کہ سیاست گرم ہے،ساری سیاست ٹی وی پر ہو رہی ہے۔اپوزیشن نے8مارچ کو عدم اعتماد کی تحریک دی تھی۔گراونڈ کی سیاست27تاریخ سے شروع ہوگی۔سندھ ہاوس میں جو کچھ ہوا ہے اس کی مذمت کرتا ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ اتحادی آصف زرداری کے کہنے میں نہیں آئیں گے۔جو اصلی اور نسلی ہے وہ عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے۔میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں۔حالات کے پیش نظر اسپیکر تحریک عدم اعتماد کو آگے لے جاسکتا ہے۔ووٹ ڈالنے کے لیے کسی ممبر کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔
ان کا کہنا ہے کہ سرے محل اور سوئس اکاؤنٹ سمیت چوری کے پیسے سے بندے خرید رہے ہیں، ایم این اے چوروں سے مال لے رہے ہیں تو لیکر واپس آئیں۔جو ایم این ایز ہم سے خفا ہیں، وہ مال ان کا کھائیں، کام عمران خان کا کریں۔
انہوں نے کہا ہے کہ 27تاریخ کو جلسے کیلئے ڈپٹی کمشنر کو دونوں جماعتوں سے درخواست لینے کا کہا ہے۔،دونوں کے الگ جلسے کرنے کے اقدامات کے لیے تیار ہیں۔دونوں پارٹیوں کے لیے الگ راستوں کا کہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر کوئی جانی یا مالی نقصان ہوا تو لیڈروں کو نہیں چھوڑوں گا، آئینی اور قانونی پرچہ دوں گا۔جلسہ گاہ تک پہنچنے کے لیے کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی، سیکیورٹی کے انتظامات کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔