اسلام آباد: یو این ویمن کے تحت ملک بھر میں “دل والوں کا دیس” مہم کا آغاز کر دیا گیا۔
خواتین کے عالمی دن پر سماجی ہم آہنگی و یکجہتی کے فروغ میں خواتین کے اہم کردار کو اجاگر کرنے کے لیے یو این ویمن پاکستان نے نیشنل کاؤنٹر ٹیرارزم اتھارٹی (نیکٹا) اور یورپی یونین کے اشتراک سے”دل والوں کا دیس” مہم کا آغاز کیا گیا۔
یو این ویمن پاکستان کی ڈپٹی کنٹری نمائندہ جیکوئی کیٹونوٹی نے کہا کہ یو این ویمن کے لیے فخر کی بات ہے کہ وہ نیکٹا کے ساتھ مل کر یہ مہم چلا رہا ہے۔ خواتین زندگی کے تمام شعبوں میں تعمیری کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امن، ہم آہنگی اور یکجہتی پر مبنی پاکستان کی تعمیر کی جدوجہد میں ان کی بھرپور شرکت ناگزیر ہے۔
جیکوئی کیٹونوٹی نے کہا کہ دنیا کے بیشتر علاقوں کی طرح پاکستان میں بھی خواتین اور لڑکیاں پرامن معاشرے کے قیام میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں اور یو این ویمن ہم آہنگی پر مبنی محفوظ معاشرے کے قیام کی کوششوں میں خواتین کی شمولیت بہتر بنانے کے لیے مختلف طریقوں کے تحت سرگرم عمل ہے۔
خواتین کے عالمی دن پر شروع ہونے والی مہم “دل والوں کا دیس” رواں ماہ میڈیا کے تمام پلیٹ فارمز پر چلائی جائے گی۔
