کراچی: عیسائیوں کے روحانی پیشوا پاپائے روم پوپ فرانسس نے کراچی سمیت دنیا بھر میں 14 کارڈینلز کی تقرریاں کردی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق پوپ فرانسس کی جانب سے آرچ بشپ کراچی جوزف کوٹس کو بھی کارڈینل منتخب کیا گیا ہے، جوزف کوٹس پاکستان سے مقرر کیے گئے دوسرے کارڈینل ہیں اس سے قبل بھی کراچی کے ہی آرچ بشپ کو کارڈینل مقررکیا گیا تھا۔
پوپ فرانسس 29 جون کو ویٹی کن سٹی میں چرچ کی ٹاپ کونسل میٹنگ میں منتخب کردہ کارڈینلز کو ان کا عہدہ تفویض کریں گے جس میں کارڈینل جوزف کوٹس بھی شرکت کریں گے۔
ویٹی کن کے ڈپٹی سکریٹری نے بتایا کہ دنیا کے پانچ براعظموں سے کارڈینلز کا انتخاب کیا گیا ہے، اس فہرست میں پاکستان، عراق، پیرو، میکسیکو اور جاپان سمیت دیگر ممالک کے پادری شامل ہیں، پوپ فرانسس کا کہنا ہے کہ دنیا بھر سے پادریوں کے انتخاب کا مقصد چرچ کی ہمہ گیریت کا اظہار کرنا ہے۔
