خیبرپختون خوا میں بلدیاتی انتخابات کامیدان کل سجےگا

انتخابی مہم

الیکشن مہم کا وقت ختم


خیبرپختون خوا میں بلدیاتی انتخابات کامیدان کل سجےگا۔ ووٹرز ایک ہی وقت میں 6 بیلیٹ پیپرز کے ذریعے 6مختلف ووٹ کاسٹ کریں گے۔

خیبرپختون خوا  کے بلدیاتی انتخابات کے پہلےمرحلے میں پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں اور ڈی آئی خان سمیت خیبر پختونخوا کے5ڈویژن میں  ووٹ ڈالے جائیں گے۔ سترہ اضلاع کی 66 تحصیلوں میں انتظامی سربراہ ،میئر یا چیئر مین منتخب ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: وزرات سائنس کی اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ای وی ایم پر کرانے سے معذرت

خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں تحصیل کونسل، ویلج کونسل اور نیبر ہوڈ کونسل کے لیےبھی الیکشن ہوگا۔ بلدیاتی الیکشن جماعتی بنیادی پر ہوں گے۔ ان اضلاع میں ایک کروڑ 26 لاکھ35 ہزار ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

خیبرپختونخوا میں 17 اضلاع کی 14ہزار754 نشستوں کے لئے 37 ہزار 752 امیدوار میدان میں ہیں۔ تحصیل چیئرمین یا میئر کی 66نشستوں کیلئے 689 امیدوار آمنے سامنے ہیں۔  جنرل کونسلرز کی 7ہزار146 نشستوں پر 19 ہزار 282 امیدواروں میں مقابلہ ہوگا، خواتین کی2ہزار 382 نشستوں کے لئے 3 ہزار 905امیدوار میدان میں ہیں ۔

ووٹر کو چیئر مین، جنرل کونسلر، یوتھ، خواتین ، مزدور کسان اور اقلیت کیلئے الگ الگ ووٹ ڈالنے ہوں گے۔ اس طرح ہر شہری کو چھ مختلف بیلیٹ پیپرز پر چھ ووٹ ڈالنے ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پخونخوا بلدیاتی انتخابات، 2 ہزار 32 امیدوار بلامقابلہ منتخب

تحصیل چیئرمین براہ راست عوام کے ووٹس سے منتخب ہوگا یعنی سیاسی جماعتیں اپنا اپنا امیدوار نامزد کریں گی اور جس امیدوار نے زیادہ ووٹ لیے وہ تحصیل چیئرمین منتخب ہوجائے گا۔

تاریخ میں پہلی مرتبہ قبائلی اضلاع میں بھی بلدیاتی انتخابات منعقد کیے جا رہے ہیں اور انتخابات کے پہلے فیز میں باجوڑ، ضلع مہمند اور ضلع خیبر میں انتخابات کرائے جائیں گے جبکہ باقی اضلاع میں دوسرے مرحلےمیں انتخابات منعقد کیے جائیں گے۔

 

 

 


متعلقہ خبریں