لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 7 کا پلیئر ڈرافٹ آج لاہور میں شروع ہو گا۔
پی ایس ایل پلیئر ڈرافٹ کے لیے کھلاڑیوں، کوچز اور فرنچائز مالکان کی آمد 3 بجے ہو گی۔ ڈرافٹنگ پالیسی کے تحت ہر فرنچائز کو آخری ایونٹ کے 8 کرکٹرز برقرار رکھنے کی اجازت تھی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی نے یہ تعداد پوری کر لی تاہم ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 7، 7 کھلاڑی برقرار رکھے ہیں اور ہر فرنچائز کو 18 رکنی اسکواڈ میں پلاٹینم، ڈائمنڈ اور گولڈ کیٹیگریز کے 3، 3 پلیئرز شامل کرنے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو آسان نہیں لیا جا سکتا، بابر اعظم
پی ایس ایل کی ٹیموں کو سلور 5، ایمرجنگ 2 اور سپلیمنٹری کیٹیگری کے 2 کھلاڑی شامل کرنا ہیں جبکہ ڈرافٹنگ کے مرحلے میں 32 ملکوں سے مجموعی طور پر 425 کھلاڑی سلیکشن کے لیے دستیاب ہیں۔
فرنچائزز اپنی مرضی کے کرکٹرز کا انتخاب کرتے ہوئے اسکواڈز کو پورا کریں گے اور پلاٹینم کیٹیگری میں پہلی پک لاہور قلندرز، دوسری ملتان سلطانز، تیسری کراچی کنگز کی ہو گی۔ پلاٹینیم میں چوتھی پک اسلام آباد یونائیٹڈ، پانچویں پشاور زلمی اور چھٹی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کرے گا۔