انتظار ختم: وکی کوشل اور کترینہ کیف کی شادی، تصاویر سامنے آ گئیں


بالی وڈ اداکار وکی کوشال  اور کترینہ کیف شادی کے بندھن میں بندھ گئے، عروسی لباس پہنے دلہا اور دلہن کی تصاویر بھی سامنے آ گئیں ہیں۔

بھارتی میڈیا کی  طرف سے جاری تصویر میں دیکھا  جا  سکتا ہے کہ وکی کوشل اور کترینہ کیف  ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے سکس سینسز فورٹ کی گیلری میں جا رہے ہیں۔

کترینہ کیف نے ریڈ جبکہ وکی کوشل نے سلیٹی رنگ کا لباس زیب تن کر رکھا ہے۔

اداکار جوڑے کی شادی میں فلم ساز کبیر خان، گلوکار شنکر مدھاون، اداکار رنویر سنگھ، اداکارہ ملائیکا اروڑا، روینہ ٹنڈن اور نیہا دھوپیا سمیت کئی دیگر شوبز شخصیات شامل ہیں۔

وکی کوشل  کی سہرا بندی کی تقریب ہوئی ، پھر ہوٹل کے اندر سے گھوڑے پر سوار ہو کر بارات لے نکلے، جوڑا کے لیے منڈپ کو خاص شیشے سے تیار کیا گیا۔

گزشتہ رات کترینہ کیف کی مایوں اور مہندی کی تقریب بھی ہوئی تھی جس میں دونوں خاندانوں کے قریب رشتے دار اور بالی وڈ کے کئی فنکار شریک ہوئے تھے۔

سوشل میڈیا پر کچھ تصاویر بھی گردش کرتی رہیں جن میں دیکھا گیا کہ کترینہ کیف نے مہندی کی تقریب میں ڈانس بھی کیا، تاہم ان تصاویر کی تصدیق نہیں ہو سکی تھی۔

دونوں اداکاروں کا استقبالیہ ممبئی کے تاج لینڈ میں 11 دسمبر کو منعقد کیا جائے گا۔

بھارتی میڈیا پر کترینہ کیف کی شادی کا کارڈ بھی وائرل رہا ، ابتدائی طور پر یہ کارڈ کترینہ فین پیج کی جانب سے شیئر کیا گیا تھا۔

کارڈ پر وکی کوشل اور کترینہ کا نام درج ہے اور دعوت نامے پر شادی کے مقام کے حوالے سے بھی معلومات دی گئی ہیں۔

اس سے پہلے کترینہ کیف اور وکی کوشل کی  شادی کو خفیہ رکھنے کے لیے نہ صرف کئی جتن  کیے جا رہے تھے بلکہ شرکت کے لیئے درجنوں شرائط بھی رکھی گئی تھیں، شادی میں شرکت کے لیے مہمانوں کو خفیہ کوڈز دیئے گئے تھے،کوڈز بتانے پر ہی تقریب میں انٹری کی اجازت تھی۔

نہلے پر دہلہ اس وقت ہوا جب بالی وڈ کے معروف اور سینئر ادا کار نے بھی شادی میں شرکت کےلیے اپنی شرط رکھ دی تھی۔

بالی وڈ کے معروف اور سینئر اداکار گجراج راؤ نے بھی وِکی کوشل کو واضح پیغام دیا تھا کہ وہ شادی میں شرکت کریں گے تو صرف اپنی شرائط پر۔

انہوں نے  سوشل میڈیا پر وکی کوشل کو مینشن کرتے ہوئے لکھا کہ سیلفی نہیں لینے دے گا تو میں نہیں آرہا بیاہ میں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شادی میں شرکت کرنے والے خصوصی مہمانوں کی شناخت بھی صیغہ راز میں رکھی گئی، جس کےلیے ہوٹل نے تمام مہمانوں کے ناموں کے بجائے کوڈز الاٹ کیے تھے۔ ان کوڈز کی بنیاد پر مہمانوں کو مختلف خدمات فراہم کی گئیں، جیسے کہ روم سروس، سیکیورٹی وغیرہ۔

حتی کہ ہوٹل کے کمروں تک رسائی بھی کوڈ کے ذریعے کی گئی اور شادی میں شرکت کے لیے ’نو فون پالیسی‘ لاگو تھی، جو اب سلیبریٹیز کی شادیوں میں ایک عام بات ہے۔

مہمانوں کو شادی میں شرکت ظاہر نہ کرنے، فوٹو گرافی نہ کرنے، تصاویر اور لوکیشن سوشل میڈیا پر شیئر نہ کرنے کا بھی پابند کیا گیا۔


متعلقہ خبریں