کراچی: ٹریفک پولیس نے رمضان المبارک میں شہریوں کو زحمت سے بچانے کے لیے ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق شہر قائد کو پانچ سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے جن کی پانچ اہم شاہراہوں پر ٹریفک پولیس کے 670 اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔
پلان کے مطابق پہلا سیکٹر ٹاور سے قائد آباد، دوسرا عید گاہ چوک سے سہراب گوٹھ، تیسرا گرومندر سے پاور ہاؤس نیو کراچی، چوتھا سیمینز چورنگی سے مواچھ گوٹھ اور پانچواں سیکٹر گارڈن سے حبیب بینک تک ہو گا۔
رمضان المبارک میں ٹریفک کنٹرول کرنے کے لیے اہلکاروں کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔
کراچی میں رمضان المبارک کے دوران ٹریفک پولیس کے تین ہزار پانچ سو اہلکار ڈیوٹی پر موجود رہیں گے، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے سٹی وارڈنز اوراسکاؤٹس کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔