دس برسوں کی محنت کے بعد ہاتھیوں کی آوازوں اور ان کے رویوں کو سمجھنے کے لیے ویب سائٹ تیار کرلی گئی ہے۔
ایلیفنٹ وائسِس نامی ویب سائٹ پر سائنسی طور پر مستند معلومات رکھی گئی ہیں جو ایتھنوگرام کی صورت میں ہاتھیوں کے رویوں کی پوری تفصیل فراہم کریں گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ہاتھی انسانوں کی طرح اپنی خوشی، غم، اداسی اور تنہائی کا اظہار کرتے ہیں، لیکن انسان ان کے دانتوں کی تجارت کرنے کے لیے انہیں بے دردی سے نشانہ بناتے ہیں۔
اس لیے ضروری ہے کہ ہاتھیوں کی تحفظ کے لیے اس انتہائی ذہین جانور کو سمجھا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: زمبابوے: ہاتھی نے باپ کو بیٹے کے سامنے کچل دیا
ویب سائٹ پر ہاتھیوں کی آوازوں اور ان کے مطلب کا مکمل ڈیٹا بھی موجود ہے۔ یہاں تک کہ جب ہاتھی تنہا ہو تو اس کا اظہار کیسے کرتا ہے اور جب وہ ایک غول میں ہوں تب ان کا رویہ کیسا ہوتا ہے۔
اس لائبریری کے ذریعے آپ یہ بھی جان سکیں گے کہ ہاتھی ایک دوسرے کو پیغام پہنچانے کے لیے کون سا ذریعہ استعمال کرتے ہیں، یا وہ کب کیا احساسات محسوس کرتے ہیں اور اس کا اظہار کیسے کرتے ہیں، حتی کہ اس میں ہاتھیوں کے رویوں کی چھوٹی چھوٹی معلومات بھی درج کی گئی ہیں۔
ویب سائٹ پر ہاتھیوں کی عمر کے حساب سے جسم کے وہ حصے دیکھائے گئے ہیں جو ان کے اظہار میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں جن میں سر اور سونڈ سب سے زیادہ اہمیت کے حامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: معدوم ہاتھی کو دوبارہ زندہ کرنے کا منصوبہ
ویب سائٹ پر 425 تصاویر پر 130 سلائیڈ شوز بھی دیکھی جاسکتی ہیں۔ اس کے علاوہ آڈیو، ویڈیو، سلائیڈ شو اور رویوں کو الگ سے سرچ کیا جاسکتا ہے۔