عربی خطاطی میں شاہ سلمان کی سب سے بڑی پورٹریٹ تیار


سعودی عرب کے ایک آرٹسٹ نے عربی خطاطی کے مختلف انداز استعمال کرتے ہوئے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سب سے بڑی پورٹریٹ تیار کی ہے۔

پینٹنگ 30 میٹر اونچی اور 20 میٹر چوڑی ہے۔ اس کی تیاری میں ڈیڑھ سال کا عرصہ لگا ہے۔ اسے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کرنے کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

العریبیہ کے مطابق یہ پینٹنگ سعودی شہروں اور دیہات کے ناموں پر مشتمل ہے۔ اسے ریاض کے الروسان پارک میں آویزاں کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی شہرت یافتہ مصور پکاسو کی پینٹنگ 10 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز میں فروخت

پینٹنگ میں سعودی عرب کے 70 سے زائد شہروں ، گورنریوں اور دیہات  کے ناموں کو لکھا گیا ہے۔ جب کہ شاہ سلمان کا نام 2030 بار دہرایا گیا ہے۔ یہ تعداد سعودی عرب کے وسیع تر ترقی اور اصلاحات کے پروگرام وژن 2030 کی نمائندگی کرتی ہے۔

مصور صالح العقاری کا کہنا ہے کہ  پچھلے سال اس نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ڈرائنگ مکمل کی اور اس سال خادم الحرمین الشریفین کی عالمی ریکارڈ کی حامل پینٹنگ تیار کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: روبوٹ کی پینٹنگ کی قیمت 10 کروڑ روپے

ڈرائنگ میں اپنی پیشہ ورانہ مہارت کے بارے میں انہوں نے کہا کہ 1997 میں انہوں نے بہت سے سعودی اخبارات میں کیریکچر ڈرائنگ شروع کی۔

العقاری کا کہنا ہے کہ وہ بچپن ہی سے مصوری کا شوق رکھتے تھے اور اسکول کے زمانے سے ہی انہوں نے پینٹنگ شروع کر دی تھی۔


متعلقہ خبریں