نیب نے نوازشریف کو پھر طلب کر لیا


لاہور: قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو تحقیقات کے لیے 20 مئی کو طلب کر لیا ہے۔

نیب ترجمان کے مطابق نواز شریف پر الزام  ہے کہ اُنہوں نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرکے اپنی رہائش گاہ جاتی امرا تک سڑک تعمیر کرائی تھی، ان کے ساتھ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو بھی نامزد کیا گیا تھا۔

نیب کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ اس سڑک کی وجہ سے ضلع کونسل لاہور کو عوامی مفاد کے کئی منصوبے ترک کرنے پڑے تھے۔

چیئرمین نیب جسٹس ( ر ) جاوید اقبال نے معاملے کی براہ راست تحقیقات کا حکم دیا تھا جس کی تفتیش مکمل کرکے ریفرنس احتساب عدالت لاہور میں دائر کیا جائے گا۔

اسی کیس میں 21 اپریل کو نیب نے میاں نواز شریف کو طلب کیا تھا لیکن انہیں بیگم کلثوم نواز کی بیماری کی وجہ سے لندن جانا پڑا تھا جس کی وجہ سے وہ نیب کے سامنے پیش نہیں ہو سکے تھے۔

 


متعلقہ خبریں