روس کے شہر ماسکو میں لائیو براڈکاسٹنگ کے دوران اس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہو گئی جب ایک کتے نے بیپر دیتی خاتون صحافی کا مائیک چھین لیا۔
ہوا کچھ یوں کہ میر ٹی وی کی صحافی نادیزہڈا سیرزکینا ماسکو میں بہار کی آمد کے بارے میں رپورٹ کر رہی تھیں۔ اس لمحے راستے میں گزرتا کتا بھاگتے ہوئے آیا اور صحافی کو دکھیل کر مائیک اچک لیا۔

ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون صحافی خود کو سنبھال کر کتے کے پیچھ بھاگیں تاکہ اس سے مائیک واپس لے سکیں۔
خاتون صحافی کتے کے پیچھے بھاگنے کے ساتھ ساتھ اسے ’رک جاؤ، یہاں آؤ‘ کی آوازیں بھی دیتی رہیں تاہم لیبراڈور نسل کا کتا بھاگتا رہا اور سابقہ سویت یونین کے ممالک کے صارفین اس منظر سے محظوظ ہوتے رہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی خاتون اول نے صحافیوں کو اپریل فول بنا ڈالا
اسٹوڈیو میں موجود نیوز ریڈر ایلینہ کچھ لمحات کے لیے بالکل حیران رہ گئیں مگر پھر سنبھل کر بولیں کہ اس سب کی وجہ سے ہم کنیکشن کھو چکے ہیں۔
کچھ دیر بعد خاتون صحافی کتے سے مائیک واپس لینے میں کامیاب ہو گئیں تاہم اب مائیک پر کتے کے دانتوں کے نشانات موجود تھے۔

بعد ازاں نادیزہڈا اور کتے کو ٹی وی پر براہ راست دکھایا گیا جس میں مائیک خاتون صحافی کے پاس تھا اور کتا ان کے ساتھ بیٹھا تھا۔
