اداکارہ ریشم نے کہا ہے کہ یہ پرائیڈ آف پرفارمنس کا تمغہ نہیں بلکہ میری محنت کا وہ میٹھا پھل ہے کہ جسے میرے رب نے مجھے چکھنا نصیب کیا۔
صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی تصاویر شیئر کیں۔
ریشم نے تصاویر کے کیپشن میں لکھا کہ زندگی کا یہ لمحہ ایک خواب سا لگ رہا ہے لیکن میرے خدا نے اس خواب کو سچ کیا۔
اس سے پہلے اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج زندگی کا اہم دن ہے حکومتی سطح پر کام کو سراہا گیا ۔
انہوں نے کہا کہ ایوارڈ ملنے پر سب مداحوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے میرے کام کو سراہا۔
خیال رہے کہ یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر اسلام آباد میں سول اعزازات دینے کی تقریب منعقد ہوئی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں گرانقدر خدمات انجام دینے والی شخصیات کو سول اعزازات سے نوازا۔
صدرمملکت نے صدر ہم نیٹ ورک سلطانہ صدیقی کو ستارہ امتیاز سے نوازا۔ معروف اداکارہ بشریٰ انصاری کو بھی ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔
سید فاروق قیصر کو فن اور پتلی تماشہ کے شعبے میں ستارہ امتیاز سے نوازا گیا جبکہ صادقین نقوی مرحوم کو فن مصوری میں نشان امتیاز سے نوازا گیا۔ پروفیسر سید شاکرعلی کو فن مصوری میں نشان امتیاز سے نوازا گیا۔
مزید پڑھیں: صدر مملکت نے سلطانہ صدیقی کو ستارہ امتیاز سے نوازا
صدر مملکت نے صوفیانہ موسیقی کی دنیا میں منفرد مقام رکھنے والی عابدہ پروین کو فن گلوکاری میں نشان امتیاز سے نوازا۔
