بلوچستان: نامعلوم افراد کی فائرنگ،11مزدور جاں بحق



کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع بولان کی تحصیل مچھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے11 مزدور جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

ابتدائی اطلاع کے مطابق فائرنگ کوئلہ فیلڈ میں ہوئی۔ فائرنگ نامعلوم افراد نے کی اور زخمیوں میں سے کچھ کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہیں پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے 11کان کنوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ بزدلانہ اور غیر انسانی ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ قاتلوں کو پکڑنے اور کٹہرے میں لانے کیلئےتمام وسائل بروئےکار لائے جائیں۔ حکومت جاں بحق کان کنوں کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو نے بھی واقعے کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے  متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ملزمان کی گرفتاری میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے کاکنی کرنے والے مزدوروں کو نزدیکی پہاڑی میں لے جاکر فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ جاں بحق مزدوروں کی لاشیں اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں اور شناخت کا عمل جاری ہے۔

ہم نیوز کے نمائندہ ایوب ترین نے بتایا کہ کوئٹہ سے60 کلومیٹر دور مچھ کے علاقے میں مزدور کاکنی کیلئے جا رہے تھے اور نامعلوم افراد نے انہیں اغوا کیا اور دوسرے مقام پر لے گئے۔

ابتدائی اطلاع کے مطابق مزدوروں کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا جن میں سے11 دم توڑ گئے ہیں۔

مچھ کا علاقہ کوئلے کی کانوں کے حوالے سے مشہور ہے اور یہاں کوئٹہ اور بلوچستان کے دیگر علاقوں کے علاوہ افغانستان سے بھی مزدور کام کرنے آتے ہیں۔

فائرنگ کرنے والوں کے متعلق فی الحال معلوم نہیں ہوسکا اور نہ کسی ذمہ داری قبول کی ہے۔ سیکیورٹی اداروں اور مقامی افراد نے بتایا کہ مزدوروں کو ہاتھ اور پاؤں باندھ کر قتل کیا گیا۔ تمام مزدوروں کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔

 


متعلقہ خبریں