لاہور: پاکستان مسلم لیگ نواز کے سیئر رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مینار پاکستان میں جلسے سے پہلے پانی چھوڑ دیا ہے، ابھی ہم نے استعفےدینے ہیں انہیں کیسے روکو گے۔
لاہور میں دیگر ن لیگی رہنماؤں کے ہمراہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ استعفے حکومت سے جان چھڑانے کی بہت تھوڑی قیمت ہے۔ حکومت مہنگائی اور کرپشن نہیں روک سکتی۔ اس دھاندلی والے نظام کو نہیں چلنے دیں گے۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگی رہنما رانا ثنااللہ نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کا لاہور جلسہ سلیکٹڈ حکومت کے جانے کا فیصلہ کر دے گا۔ پانی چھوڑیں یا کچھ بھی کریں جلسہ مینار پاکستان ہی ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ استعفوں کا فیصلہ کر چکی ہے، پیپلز پارٹی بھی ساتھ دے گی۔ مینار پاکستان جلسہ کے بعد لانگ مارچ ہو گا۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ووٹ چور حکومت کو برداشت کرتے سوا 2 سال ہوگئے۔ حکومت کارکردگی دکھاتی تو برداشت کیا جاسکتا تھا۔
مزید پڑھیں: استعفے یا لانگ مارچ، پی ڈی ایم کے اجلاس میں آج اہم فیصلے متوقع
انہوں نے کہا کہ اس تبدیلی کو ہم تسلیم نہیں کرتے۔ ملک میں مہنگائی اورغربت بڑھ رہی ہے۔ ہمیں ہمارا پرانا پاکستان واپس چاہیے۔ پرانےپاکستان میں لوگوں کو روزگار مل رہا تھا۔ پرانے پاکستان میں شہرترقی کر رہے تھے۔
خواجہ سعدرفیق نے کہا کہ ہم نے میٹروبس بنائی تو کہا گیا کہ جنگلہ بس نہیں بنائیں گے۔ گرفتاریوں سے ہمیں چپ نہیں کرایا جاسکتا۔ اب 11 سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر ہیں۔ اس ملک میں لوگوں کوحقوق ملنے چاہئیں۔ کہا جاتا تھا دونہیں ایک پاکستان لیکن اب تو کئی پاکستان بن چکے ہیں۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگی رہنما ایاز صادق نے کہا کہ 13 دسمبر فیصلے کا دن ہے۔ ہم نے حکومت کو ملک کی بہتری کیلئے وقت دیا تھا۔ ریلوے اور معیشت کا بیڑا غرق کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بجلی اور گیس کا بحران پیدا کردیا۔ انہوں نے بلدیاتی نظام کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔