سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ، شریک ملزم کی ضمانت منظور


اسلام آباد: سپریم کورٹ نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل کے مرکزی ملزم اور سابق ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) احد چیمہ اور شریک ملزم شاہد شفیق کی ضمانت منظور کر لی ہے۔

عدالت نے احد چیمہ اور شریک ملزم کی دس دس لاکھ مچلکوں کے عوض ضمانت منظورکرلی۔

دوران سماعت سپریم کورٹ کے جج جسٹس سردار طارق مسعود نے استفسار کیا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) بتائے کہ ملزم 2 سال 9 ماہ سے حراست  میں ہے۔ کیا یہ ہارڈ شپ کا کیس نہیں بنتا؟

دوران سماعت نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹرعمران الحق نے عدالت کو بتایا کہ بسم اللہ انجینئرنگ دراصل پیراگون ہاؤسنگ کی ڈمی ہے۔ پیراگون نے رقم بسم اللہ انجینئرنگ کے اکاؤنٹ میں منتقل کی تھی، وہی رقم بسم اللہ انجینئرنگ نے ایل ڈی اے کے اکاؤنٹ میں ڈالی۔

نیب آفیسر کے مطابق آشیانہ ہاؤنگ معاہدے سے قبل احد چیمہ، ان کے بھائی احمد، بہن سعدیہ منصور اور رشتہ دار احمد حسن کے نام زمین ٹرانسفر کی گئی۔ تمام افراد کے نام معاہدے سے 3 ہفتے قبل آٹھ آٹھ کنال زمین ٹرانسفر کی گئی۔ احد چیمہ اور دیگر افراد نے مل کر آشیانہ ہاؤسنگ کو فائدہ پہنچایا۔

نیب کے وکیل نے استدعا کی کہ احمد چیمہ مرکزی ملزم ہے اور ضمانت نہ دی جائے۔ ملزم کے وکیل کا کہنا تھا کہ ملزم 2 سال 9 ماہ سے جیل میں ہے۔ اتنی تاخیر پر ضمانت قانونی ہوجاتی ہے۔

مزید پڑھین: پیراگون سٹی کیس: خواجہ برادران کے خلاف ریفرنس دائر

جسٹس سردار طارق  مسعود نے کہا کہ ان حالات میں ہارڈ شپ کی بنیاد پر ملزم کو ضمانت کیوں نہ دیں۔ سماعت کے بعد عدالت نے احد چیمہ اور شریک ملزم کی ضمانت منظورکرلی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل لاہور کی احتساب عدالت نے  احد چیمہ سمیت 10 ملزمان کو  سٹی کرپشن کیس میں بری کر دیا تھا۔ عدالت نے احد چیمہ سمیت 10 ملزمان کے خلاف نیب تحقیقات بند کرنے کی درخواست بھی منظور کرلی تھی۔

خیال رہے احد چیمہ کو فروری 2018 میں نیب نے مالی بدعنوانی، سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کےالزامات میں گرفتار کیا تھا۔ احد چیمہ پر الزام تھا کہ انہوں نے کروڑوں روپے کی اراضی غیر قانونی طور پر اپنے، اپنے بھائی، بہن اور کزن کے نام کی تھی۔

احد چیمہ نہ صرف کئی روز جسمانی ریمانڈ پر نیب کی طویل میں رہے بلکہ انہوں نے دو سال سے زائد کا عرصہ جیل میں گزارا۔

24 فروری کو آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل کے سلسلے میں نیب نے کارروائی کرتے ہوئے بسم اللہ انجینئرنگ سروسز کے مرکزی عہدیدار شاہد شفیق کو بھی گرفتار کیا تھا۔


متعلقہ خبریں