آرمی چیف سے کمانڈر قطر امیری ائرفورس کی ملاقات

آرمی چیف سے کمانڈر قطر امیری ائرفورس کی ملاقات

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے کمانڈر قطر امیری ائرفورس نے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کمانڈر قطر امیر ائر فورس میجر جنرل (پائلٹ) سالم حمد عقیل النابت کی آرمی چیف سے ملاقات کے دوران پیشہ وارانہ امور اور علاقائی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ برادر ملک قطر کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔ پاک فوج دفاعی شعبے میں قطر کی مسلح افواج کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا چاہتی ہے۔

قطری فضائیہ کے سربراہ میجر جنرل (پائلٹ) سالم حمد عقیل النابت نے علاقائی امن و سلامتی میں پاک فوج کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ قطر کی مسلح افواج کی تربیت میں پاک فوج کا کردار قابل تعریف ہے۔

قبل ازیں میجر جنرل (پائلٹ) سالم حماد عقیل النابت سربراہ قطر امیری فضائیہ نے اپنے وفد کے ہمراہ آج ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ ان کی آمد پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل مجاہد انور خان نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکہ کا افغانستان اور عراق سے مزید فوج نکالنے کا فیصلہ

پاک فضائیہ کے ایک چاق وچوبند دستے نے مہمان کو سلامی پیش کی۔ معزز مہمان نے پاک فضائیہ کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے یاد گارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

قطرى فضائیہ کے کمانڈر میجر جنرل سالم حمد عقیل النابت نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جناب جنرل ندیم رضا سے بھی ملاقات کی۔ اس دوران پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور، علاقائی امن و امان کی صورت حال اور دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔


متعلقہ خبریں