پی ڈی ایم میں حکومت ختم کرنے کی طاقت نہیں، شیخ رشید



لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں حکومت ختم کرنے کی طاقت نہیں۔

میڈیا بریفنگ کے دوران ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کا بیانیہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ان تلوں میں تیل نہیں، نواز شریف کو معلوم ہے ان کی سیاست ختم ہو چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ن لیگ کا بیانیہ غیر ملکی ایجنڈا ہے، شیخ رشید احمد

شیخ رشید نے کہا کہ مریم نواز نے نواز شریف کی سیاست کی نفی کی ہے، ن لیگ ایک ٹکٹ میں دو مزے لینا چاہتی ہے، نواز شریف گیٹ نمبر4 کی پیدوار ہیں، نواز شریف نے اپنی سیاست کو دفن کردیا ہے، پی ڈی ایم کے سارے لوگ نواز شریف کے بیانیے کے ساتھ نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کس قانون کے تحت بات کریں گی؟ مریم نواز نے بات کرنے کیلئے پی ڈی ایم کی چھتری کا سہارا لیا ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ آج ڈی جی آئی ایس پی آر اور وزیر خارجہ نے پریس کانفرنس کی، پہلے سے کہہ رہا ہوں بھارت پاکستان کو اندورنی طور پر کمزور کرنا چاہتا ہے مگر سرحدوں پر پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان میں دہشت گرد کارروائیاں ہوسکتی ہیں، پاک فوج جیسا کرو گے ویسا بھرو گے کے مطابق جواب دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ را نے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے کارروائیاں شرو ع کردی ہیں، پاکستان سیاستدانوں کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں، را پاکستانی سیاستدانوں کو نشانہ بنا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شیخ رشید نے مسلم لیگ ن میں ش کے بعد ط لیگ کی بھی پیشگوئی کر دی

ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان الیکشن کے بعد اپوزیشن کے شور شرابے میں اضافہ ہوگا، امید ہے گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی حکومت بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن میں ہارنے والا کہے گا دھاندلی ہوئی ہے، کل شام سے عام سنیں گے گلگت بلتستان میں دھاندلی ہوئی ہے۔ ووٹ تو گلگت بلتستان کے عوام نے دینے ہیں۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کہہ چکے ہیں فوج منتخب حکومت کے ساتھ ہے، وزیراعظم عمران خان 5 سال پورے کریں گے۔


متعلقہ خبریں