افغانستان کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین نجیب ترکئی انتقال کرگئے

افغانستان کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین نجیب ترکئی انتقال کرگئے

فائل فوٹو


افغانستان کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین نجیب ترکئی انتقال کرگئے ہیں۔ 29سالہ نجیب کار حادثے میں زخمی ہونے کے بعد2 دن سے کومہ میں تھے۔

نجیب کے ساتھ حادثہ جلال آباد میں پیش آیا تھا اور انہیں زخمی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق ان کے سر پر گہری چوٹیں آئیں جسکے سبب وہ کومہ میں چلے گئے تھے۔

افغان کرکٹ بورڈ کے سابق میڈیا منیجر محمد ابراہیم مہمند نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا کہ ’نجیب ترکئی گزشتہ 22 گھنٹوں سے کومہ میں ہیں ان کے سر پر شدید چوٹیں آئی ہیں‘۔

اطلاعات کے مطابق نجیب ترکئی سڑک عبور کرتے ہوئے گاڑی کی زد میں آگئے اور نگرہارکے اسپتال میں زیرعلاج تھے جہاں 2دن کومہ میں رہنے کے بعد ان کا انتقال ہوگیا۔ افغانستان کرکٹ بورڈ نے خبر کی تصدیق کی اور کھلاڑی کی موت پر غم کا اظہار کیا ہے۔

نجیب ترکئی نے ایک ٹی20 اور 12 ایک روزہ انٹرنیشنل میچز میں افغانستان کی نمائندگی کی۔ ٹی20 میں ان کا بہترین اسکور90 رہا جو انہوں نے 2017 میں آئرلینڈ کیخلاف بنایا۔ اپنے کیرئیر میں انہوں نے6 سنچریاں بنائیں اور ایوریج47.20 رہی۔ افغان کرکٹ ٹیم کے سلامی بلے باز نے اپنے کیریئر کا آغاز2014 میں زمبابوے کیخلاف میچ کھیل کر کیا تھا۔


متعلقہ خبریں