نئی دہلی: بھارت میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافے کا نیا ریکارڈ بن گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارت میں کورونا مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ روز کورونا کے 78 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے۔ جو کسی بھی ملک میں ایک روز میں سب سے زیادہ سامنے آنے والے کیسز ہیں۔
بھارت میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 35 لاکھ 40 ہزار تک پہنچ چکی ہے جبکہ ایک روز میں 900 سے زائد افراد کی اموات کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 63 ہزار 600 سے بڑھ گئی ہے۔
عالمی وبا کوورونا وائرس کے باعث دنیا میں متاثرہ افراد کی تعداد 2 کروڑ 51 لاکھ 69 ہزار سے زائد ہوگئی ہے اور 8 لاکھ 46 ہزار 778 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جب کہ ایک کروڑ 75 لاکھ 9 ہزار305 افراد صحت یاب ہوئے۔
امریکہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک میں پہلے نمبر پر ہے جہاں 61 لاکھ 39 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے اورایک لاکھ 86 ہزار 855 اموات ہوئی ہیں۔
برازیل میں کورونا مریضوں کی تعداد 38 لاکھ 46 ہزار سے زائد ہو گئی اوراموات کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 20 ہزار498 تک پہنچ گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس کے 264نئے کیسز رپورٹ
دنیا بھر میں کورونا کے پہلے 50 لاکھ کیسز 185 دن میں رپورٹ ہوئے جبکہ آخری 50 لاکھ کیسز صرف 18 دنوں میں سامنے آئے۔ کوروناوائرس کا پہلا کیس17 نومبر 2019 کو رپورٹ ہوا تھا اور 6 مارچ کو دنیا بھر میں کیسز کی تعداد 1 لاکھ سے زائد ہوگئی۔
دنیا بھر میں 20 مئی کو کورونا کیسز کی تعداد 50 لاکھ ہوگئی جب کہ 27 جون کو یہ تعداد ایک کروڑ سے زائد ہوگئی۔ 22 جولائی کو مجموعی کیسز کی تعداد ڈیڑھ کروڑ ہوگئی۔ دنیا بھر میں 9 اگست کو مجموعی کیسز کی تعداد 2 کروڑ سے زائد تھی۔
