اسلام آباد: معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ایدروس کے استعفے کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔
ذرائع کے مطابق معاون خصوصی بننے کے بعد تانیہ ایدروس نے ایک ڈیجیٹل کمپنی رجسٹر کرائی جس کو ایس ای سی پی میں رجسٹر کیا گیا تھا۔
بتایا گیا ہے کہ کمپنی ایک نان پرافٹ ادارے کے طور پر رجسٹر کرائی گئی ہے جس کے ڈائریکٹرز میں جہانگیر ترین بھی شامل تھے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ جہانگیر ترین کے وکیل بھی کمپنی کے ڈائریکٹر تھے، تانیہ ایدروس کا کمپنی کا ڈائریکٹر ہونا مفادات کا ٹکراوَ تھا۔
ذرائع کے مطابق کمپنی ایک غیر منافع بخش ادارے کے طور پر رجسٹر کرائی گئی، جہانگیر ترین نے اپریل 2020 میں کمپنی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
یاد رہے کہ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ایدروس نے عہدے سے آج استعفی دیا ہے۔
تانیہ ایدروس کا کہنا ہے کہ میری دہری شہریت پر سوالات اٹھائے گئے، عوامی مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے عہدے سے استعفیٰ دیا۔ مجھ پر ہونے والی تنقید ڈیجیٹل پاکستان وژن پر اثر اندا ز ہورہی تھی۔
تانیہ ایدروس نے امریکہ کی برانڈیز یونیورسٹی سے بائیولوجی اور اکنامکس میں بی ایس کی ڈگری لی اور پھر میساچوسٹس انسٹیٹوٹ آف ٹیکنالوجی سے ایم بی اے کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: غیرملکی شہریت رکھنے والےوزیروں،مشیروں کے استعفے کا مطالبہ
انہوں نے گوگل کی جنوبی ایشیا کی کنٹری منیجر کے طور پر 2008 سے 2016 تک کام کیا اور پھر انہیں گوگل کے پراڈکٹ، پیمنٹ فار نیکسٹ بلین یوزر پروگرام کی ڈائریکٹر بنادیا گیا تھا۔
وزیراعظم عمران خان نے2019 میں انہیں پاکستان بلا کر ڈیجیٹل پاکستان کیلئے معاون خصوصی کی ملازمت دی تھی۔