عازمین حج کا پہلا دستہ جدہ پہنچ گیا


ریاض: اندرون سعودی عرب سے عازمین حج کا پہلا دستہ جدہ پہنچ گیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق اس سال کسی سعودی اہلکار کو فریضہ حج ادا کرنے کی اجازت نہیں ہو گی جبکہ حجاج کی خدمت کرنے والوں کو بھی حج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

سعودی وزیر برائے حج و عمرہ محمد صالح بن طاہر نے بتایا ہے کہ حاجیوں کے انتخاب کا عمل شفافیت پرمبنی تھا،سعودی عرب میں موجود غیرملکی عازمین حج کا انتخاب بہتر صحت کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق تمام متعلقہ اداروں نے اس سال حج کرنے والوں کی خدمت کے لیے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ سیکیورٹی، صحت اور مختلف اداروں نے جامع عملی پروگرام پر عمل درآمد کا آغاز کردیا۔

خانہ کعبہ اور حجر اسود کوچھونا منع ، حج کے متعلق نئےقواعدوضوابط جاری

بتایا گیا ہے کہ وزارت حج و عمرہ نے مکہ مکرمہ میں عازمین حج کو ٹھہرانے کے لیے انتظام کر لیا ہے جہاں وہ منی جانے سے قبل قیام کریں گے۔

4 ذی الحجہ سے 8 ذی الحجہ تک ہوٹل میں رہیں گے۔ ہر عازم حج کے لیے ایک ایک کمرہ ہے۔کمرے میں آب زمزم کی سینیٹائز بوتلوں سے لے کر سنیکس، پھلوں اور مٹھائیوں کی باسکٹوں سمیت ناشتے ، ظہرانے اور رات کے کھانے تک کے انتظامات کیے گئے ہیں۔

دریں اثنا مکہ مکرمہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے منی، مزدلفہ اور عرفات میں آپریشنل پلان جاری کردیا ہے۔


متعلقہ خبریں