لندن: قومی کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر یاسر شاہ نے کہا ہے کہ میں انگلینڈ کے خلاف بھی سنچری اسکور کرنا چاہتا ہوں۔
میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ آن لائن گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں نے بلے بازی پر بھی توجہ مرکوز کر رکھی ہے اور اس میں بہتری لانے کے لیے میں بھرپور پریکٹس کر رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ دورہ انگلینڈ کے دوران اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا، وہاں کی کنڈیشن اور موسم پاکستان کے لیے مددگار ثابت ہو گی۔
یاسر شاہ نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں کو ناتجربہ کار کہنا ٹھیک نہیں ہے، ہمارے نوجوان گیند باز بہت اچھی کارگردگی دکھا رہے ہیں جبکہ محمد عباس کو کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کا کافی تجربہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی سے بھی ٹیم کو بہت امیدیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ میں ملنے والی سیم اور سوئنگ کا ہمیں بہت فائدہ ہو گا۔
یاسر شاہ نے کہا کہ گگلی اور لیگ اسپین میرے اہم ہتھیار ہیں جو انگلینڈ کے خلاف کافی موثر ثابت ہوں گے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران وہ امیدوں کے مطابق کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے تاہم انھوں نے کہا انگلینڈ کیخلاف سیریز ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوگی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے شیڈول کا اعلان
ان کا کہنا تھا کہ میں اسپن بولنگ کوچ مشتاق احمد کے ساتھ ملکر کئی کئی گھنٹے پریکٹس سیشن کر رہا ہوں، مشتاق احمد کا ٹیم کے ساتھ موجود ہونا بہت فائدہ مند ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بیٹنگ لائن مضبوط ہے، اگر بلے بازوں نے اچھی کارکردگی دکھائی تو اس کا فائدہ گیند بازوں کو بھی ہو گا۔