کراچی کورونا کیسز کی تعداد 41 ہزار سے بڑھ گئی


کراچی: آبادی کے لحآظ سے پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی نے عالمی وبا کورونا نے ک پنجے گاڑھ دیے، شہر قائد میں مریضوں کی تعداد 41 ہزار سے بڑھ گئی۔

ہم نیوز کے مطابق پہلے دس ہزار کیسز سولہ دن میں رپورٹ ہوئے جبکہ آخری دس ہزار کیسز فقط چھ دن میں سامنے آئے۔

ہم نیوز کے مطابق 26 فروری کو کراچی میں کورونا کا پہلا کیس رجسٹر ہوا۔ 21 مارچ کو کیسز کی تعداد 100 سے زائد ہوگئی جبکہ 7 اپریل تک کیسز کی تعداد 500 ہوگئی۔

اسی طرح 14 اپریل تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 1 ہزار ہوگئی۔ 12 مئی کو کراچی میں کیسز نے 10 ہزار کاہندسہ عبور کیا۔ 28 مئی تک کیسز کی تعداد 20 ہزار سے زائد ہوگئی۔

ہم نیوز کے مطابق 6 جون تک شہر قائد میں 30 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔ 12 جون تک مریضوں کی تعداد 40 ہزار سے بڑھ گئی۔ کراچی میں پہلے 10 ہزار کیسز 75 دن میں ریکارڈ ہوئے۔ 10 ہزار سے 20 ہزار کیسز کا سفر 16 دن میں طے ہوا۔

اسی طرح کراچی میں مزید 10 ہزار کیسز کیلئے کورونا نے 9 دن کا وقت لیا۔ کراچی میں آخری 10 ہزار کیسز صرف6 دن میں رپورٹ ہوئے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے ریکارڈ 6 ہزار 472 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار 405 ہو گئی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 88 افراد جان کی بازی ہارے ہیں جس کے بعد اموات کا مجموعہ 2 ہزار 551 ہو گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ 50 ہزار چھپن مریض صحت یاب ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 4 لاکھ سے تجاوز کر گئیں

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض ہیں جہاں اب تک 50 ہزار 87 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ سندھ میں 49 ہزار 256، خیبرپختونخوا میں 16 ہزار 415، بلوچستان میں 7 ہزار 866، اسلام آباد میں 7 ہزار 163، آزادکشمیر میں 574 اور گلگت بلتستان میں 1,044 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات بھی پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 938 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 793، خیبر پختونخوا میں 642، اسلام آباد میں 71، گلگت بلتستان میں 16، بلوچستان میں 80 اور آزاد کشمیر میں 11 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 29 ہزار 850 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر 8 لاکھ 39 ہزار انیس ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں