پنجاب :آٹھویں جماعت تک تمام طلباء اگلی کلاسوں میں پروموٹ


لاہور: صوبہ پنجاب کے سرکاری و نجی اسکولوں میں زیرتعلیم پہلی سے آٹھویں جماعت کے طلباء کو اگلی جماعت میں پروموٹ کر دیا گیا۔

وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے اس ضمن میں اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ پنجاب کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں  زیر تعلیم آٹھویں جماعت تک کے طلباء کو اگلی جماعت میں بغیر امتحانات کے پروموٹ کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق حکومت کی جانب سے  یہ فیصلہ کوویڈ 19 کی وبا کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اعلان کیا تھا کہ میڑک اور انٹرمیڈیٹ کے طلبا کو بھی بغیر امتحانات کے پروموٹ کر دیا گیا ہے۔

وزیرتعلیم  نے بتایا تھا کہ اس سال 40لاکھ بچوں نے میٹرک اور انٹر کے امتحان دینا تھے لیکن کورونا وائرس کے سبب اب ایسا ممکن نظر نہیں آرہا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے بچوں کا تعلیمی سال ضائع ہونے سے بچانے کیلئے یہ فیصلہ کیا ہے اس کا اطلاق تمام سرکاری وپرائیویٹ طلبہ پر ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ جن بچوں نے نویں اور 11ویں کا امتحان دیا ہوا ہے ان کو پرموٹ کردیا گیا ہے اور اب وہ آئندہ سال 10ویں اور 12ویں کا امتحان دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:سندھ میں 11ویں اور بارہویں جماعت کے طلبا کو پروموٹ کرنے کا فیصلہ

شفقت محمود نے بتایا کہ جن بچوں نے 10ویں اور 12ویں کا امتحان دینا تھا ان کو 3فیصد اضافی نمبرز سے پاس کردیا گیا ہے۔ اضافی نمبرز 9ویں اور 11ویں کے نمبرز کے بنیاد پر دیئے جائیں گے۔

وزیرتعلیم نے بتایا کہ اس سال نویں اور گیارہویں کا امتحان نہیں ہوگا یہ بچے جب آئندہ سال دسویں اور بارہویں کا امتحان دیں گے تو ان نمبروں کے حساب سے پچھلوں کلاسوں کے نمبر رزلٹ کارڈ میں شامل کر لیے جائیں گے۔

 


متعلقہ خبریں