نظرانداز کرنے پر خواتین کھلاڑیوں کا فہمیدہ مرزا سے شدید احتجاج


اسلام آباد: خواتین اسپورٹس فیسٹیول کی فاتح ٹیم کی کھلاڑیوں نے انعامات اور ٹرافی دینے کی تقریب میں نظرانداز کرنے پر وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے شدید احتجاج کیا۔

خواتین اسپورٹس فیسٹیول کی تقریب میں میں وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا مہمان خصوصی تھیں۔ فاتح کھلاڑیوں کو انعامات کیلئے اسٹیج پر بلایا گیا لیکن ڈاکٹر فہمیدہ مرزی اٹھ کر بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں چلی گئیں۔

اس دوران فاتح کھلاڑی اسٹیج پر انتظار ہی کرتے رہ گئے لیکن وفاقی وزیر واپس نہ آئیں، جس پرکھلاڑی احتجاج کرنے کمیٹی کے اجلاس میں پہنچ گئے

فاتح ٹیم کی خواتین کھلاڑیوں نے اجلاس میں کمیٹی اراکین کے سامنے ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کو کھری کھری سنا دیں۔ کھلاڑیوں نے ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’وزیر صاحبہ یہ کیا طریقہ ہے؟ آپ ہمیں چھوڑ کر خود اجلاس میں پہنچ گئیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں کرکٹ و ہاکی کے علاوہ دیگر خواتین کھلاڑی بجٹ سے محروم

اس دوران چئیرمین بین الصوبائی رابطہ کمیٹی خواتین کھلاڑیوں کو خاموش کرواتے رہے لیکن کھلاڑیوں نے احتجاج جاری رکھا۔

احتجاج جب زور پکڑنے لگا تو چئیرمین کمیٹی نے بھی وزیر سے پوچھا ’’میڈم آپ کیوں تقریب چھوڑ کر آئیں؟‘‘ ۔

اس دوران ڈاکٹر فہمیدہ مرزا ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے ویڈیو بنانے پر الجھتی رہیں اور کہا کہ ’’آپ ویڈیو کیوں بنا رہے ہیں؟ کیا یہ مذاق چل رہا ہے؟‘‘

جب کھلاڑیوں نے احتجاج ختم نہیں کیا تو وزیر کمیٹی اجلاس سے بھی اٹھ کر چلی گئیں۔


متعلقہ خبریں