گاڑیاں ظاہر نہ کرنے والے 1،200 افراد کو نوٹسز جاری

ایف بی آر کی موبائل ایپ تیار

فائل فوٹو


لاہور۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انکم ٹیکس گوشواروں میں گاڑیاں ظاہر نہ کرنے والے 1،200 افراد کو نوٹسز جاری کیے ہیں۔

ایف بی آر ذرائع کے مطابق ریجنل ٹیکس آفس ٹو نے سال 2016 سے سال 2018 کے دوران گاڑیاں خریدنے اور ظاہر نہ کرنے والے افراد کو نوٹس جاری کیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر آرٹی او ٹو لاہور نے رجسٹرڈ شیخوپورہ کے 1،200 رہائشیوں کو گاڑیاں ظاہر نہ کرنے پر نوٹسز بھجوائے ہیں۔

مزید پڑھیں: ایف بی آر: انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع

ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑیاں انکم ٹیکس گوشواروں میں ظاہر نہ کرنے والوں سے 15 دن میں جواب طلب کرلیا گیا ہے۔

گزشتہ سال سال اگست میں چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا تھا کہ ملک میں انکم ٹیکس فائلرز کی تعداد 25 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے کے مرحلے کو مزید آسان کررہے ہیں اور اس کی نگرانی  کیلئے سافٹ ویئر بھی لانچ کردیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ سافٹ ویئر ٹیکس دہندگان پرعائد سیلز ٹیکس اورفیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا تعین کرے گا جبکہ سیلز ٹیکس گوشوارہ فارم آسان بنا کر ایک صفحے تک محدود کردیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: چیئرمین ایف بی آر کے لیے نیا شخص لائیں گے، عمران خان

ان کا کہنا تھا کہ کوشش کررہے ہیں کہ ایسا مرکزی نظام آجائے جس سے معلوم ہو سکے کہ کتنا پیسہ منتقل ہو رہا ہے۔

ایف بی آر کے مطابق گزشتہ سال ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد 17 لاکھ تھی۔ اس سال ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

اس سے پہلے حکومت نے غیر اعلانیہ اثاثوں کو ظاہر کرنے  اورکالا دھن سفید کرنے کے لیے ایمنسٹی اسکیم کا اعلان کیا تھا جس سے ہزاروں لوگوں نے فائدہ اُٹھایا تھا۔


متعلقہ خبریں