اسلام آباد: نئے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اپنے امیدوار بابر یعقوب فتح محمد کا نام واپس لینے پر آمادہ ہوگئی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے حوالے سے گزشتہ تمام اجلاسوں میں حکومت بابر یعقوب کے نام پر اصرار کرتی رہی ہے، جس کی وجہ سے الیکشن کمیشنر اور دو ارکان کی تعیناتی کا معاملہ تعطل کا شکار رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق حزب اختلاف کی جانب سے حکومتی نامزد امیدوار فضل عباس میکن کے نام کو موزوں قرار دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے مشاورت کے بعد حکومتی ٹیم نے بابر یعقوب کا نام واپس لینے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔
خیال رہے کہ بابر یعقوب سیکرٹری الیکشن کمشن کی حیثیت سے فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔
دریں اثناء پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے ہم نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے دو ارکان کی تقرری پر اتفاق ہو چکا ہے۔
تاہم انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کے نام پر اتفاق ہونا باقی ہے۔