اسلام آباد: سری نگر، جموں اور لیہ میں ریڈیو اسٹیشنز کے نام تبدیل کرنے کے بعد مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر کے علاقوں اور اسٹیڈیمز کے نام بھی تبدیل کرنا شروع کردیے ہیں۔
برائیٹر کشمیر کے مطابق شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم سرینگر کا نام تبدیل کرکے بھارت کے پہلے نائب وزیراعظم سردار پٹیل کے نام پر رکھے جانے کا امکان ہے جس کا باضابطہ اعلان 15 دسمبر کو متوقع ہے۔
لال چوک کے قریب کی گلیوں اور سڑکوں کے نام بھی بھارت کی مشہور شخصیات کے نام پر تبدیل کر دیے جائیں گے۔
قبل ازیں سرینگر، جموں اور لیہ میں ریڈیو اسٹیشنز کے نام تبدیل کرکے آل انڈیا ریڈیو جموں، آل انڈیا ریڈیو سرینگر اور آل انڈیا ریڈیو لیہ کر دیے گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ وادی کے دو ریاستوں میں تقسیم ہونے کے بعد پرانے قانون ختم کردیے گئے ہیں۔ اسی سلسلے میں کٹھ پتلی حکومت نے سابق وزرا اعلیٰ عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی کو سرکاری بنگلے خالی کرنے کا نوٹس جاری کردیا ہے۔
کانگریس کے رہنما غلام نبی آزاد نے بھی مقبوضہ کشمیر میں سرکاری گھر خالی کر دیا ہے۔
دوسری جانب مقبوضہ جموں و کشمیر کو بھارتی محاصرے میں 94 روز ہو گئے ہیں اور بھارتی پابندیوں کے باعث کشمیریوں کی مشکلات تاحال برقرار ہیں۔
اسپتالوں میں جان بچانے والی ادویات کی قلت سے درجنوں مریض زندگی کی بازی ہار چکے ہیں اور بھارتی سپریم کورٹ کے مطابق وادی میں مسلسل تین ماہ سے فون اور انٹرنیٹ کی بندش ہے۔