شارجہ: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل تھری) کے 20ویں میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کے خلاف پہلی کامیابی اپنے نام کر لی۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کی جانب سے دیا گیا 114 رنز کا ہدف قلندرز نے چار وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور میں حاصل کر لیا۔
115 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قلندرز کی ٹیم میدان میں آئی تو حسب روایت کھیل کا جارحانہ آغاز کیا۔
اوپنر بلے بازفخر زمان اور اینٹن ڈیوسچ نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 33 رنز بنائے۔
پانچویں اوور میں 41 کے مجموعی اسکور پر قلندرز کو تین وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔
After 10 overs Lahore are at 67 runs for 3. Is it finally going to be Qalandars' Night?
48 runs needed off 60 balls#HBLPSL #MSvLQ pic.twitter.com/OGrF0r71g9— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) March 9, 2018
اینٹن ڈیوسچ 22، فخر زمان 22 اور گلریز صدف 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
سلطانز بالرز بالنگ کے ساتھ ساتھ فیلڈنگ میں بھی خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے۔ سیف بدر نے قلندرز کپتان برینڈن میکلم کا نو اور دس کے انفرادی اسکور پر کیچ ڈراپ کیا۔
میچ کے آغاز میں ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پی ایس ایل کی ٹاپ ٹیم ملتان سلطانز کے بلے باز آغاز سے ہی قلندر بالرز کے سامنے بے بس دکھائی دیے۔ شاہین آفریدی کی تباہ کن بالنگ نے سلطانز کو بڑا اسکور بنانے سے روکے رکھا۔
سلطان اوپنر احمد شہزاد اور کمار سنگارا میدان میں آئے اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 61 رنز بنائے۔
پہلی وکٹ کمار سنگاکارا کی گری۔ اوپنر بلے باز نصف سنچری سے چند قدم کے فاصلے پر ہمت ہار گئے۔ سنگا کارا 45 رنز کے انفرادی اسکور پر سنیل نارائن کی گیند پر اینٹن ڈیوسچ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
کپتان شعیب ملک بھی ساتھیوں کی دیکھا دیکھی صرف تین رنز اپنے کھاتے میں لکھوا کر میدان سے باہر چلے گئے۔ انہیں شاہین آفریدی کی گیند پر سہیل اختر نے کیچ کیا۔
سلطانز کے دیگر کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام ہوئے۔
لاہور کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بالنگ کرتے ہوئے 3.4 اوورز میں چار رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔