کراچی: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) رحیم یار خان کو عہدے سے ہٹا دیا۔
ذرائع کے مطابق پولیس حراست میں جاں بحق ہونے والے صلاح الدین کیس میں ڈی پی او رحیم یار خان عمر فاروق سلامت کو معطل کیا گیا۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے جوڈیشل کمیشن کے لیے لاہور ہائی کورٹ کو بھی خط لکھ دیا۔ عدالت سے رابطہ کرنے کا فیصلہ صلاح الدین کیس میں نئے شواہد سامنے آنے پر کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے رحیم یار خان میں پولیس حراست میں مبینہ طور پر جاں بحق ہونے والے صلاح الدین کے افسوسناک واقعہ کی عدالتی تحقیقات کے لئے عدالتی کمیشن مقرر کرنے کے لئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو خط لکھا ہے۔
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) September 5, 2019
واضح رہے کہ پولیس نے صلاح الدین کو اے ٹی ایم توڑنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا جو 31 اگست کی شب پولیس حراست میں دم توڑ گیا۔ صلاح الدین کے جسم پر تشدد ثابت ہونے کے بعد ایس ایچ او، تفتیشی افسر اور اے ایس آئی سمیت دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا تھا۔
ڈی پی او رحیم یار خان نے واقعہ کی تحقیقات کے لیے ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں ٹیم بھی تشکیل دی تھی۔
ابتدا میں پولیس صلاح الدین پر تشدد کے الزام کو مسترد کرتی رہی بعد ازاں پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد آر پی او بہاولپور نے بیان دیا کہ مقتول کے جسم پر تشدد کے کچھ نشانات پائے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں صلاح الدین کی ہلاکت: ملزمان کا صحت جرم سے انکار، عبوری ضمانت منظور
واقعے پر وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب نے نوٹس لیا تھا۔ مقدمہ میں گرفتار تینوں پولیس افسران نے گزشتہ روز عدالت سے 13 ستمبر تک عبوری ضمانت حاصل کر لی ہے۔