اسلام آباد ہائی کورٹ نے کشمیر میں جہاد کا اعلان کرنے سے متعلق درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کیس کی سماعت کی۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ کیا یہ درخواست رٹ کے دائرہ کار میں آتی ہے؟
درخواست گزار کے وکیل شریف شبیر نے مؤقف اختیار کیا کہ کشمیر میں صورتحال بہت گھمبیر ہے عدالت کوئی ہدایت جاری کرے۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ یہ عدالت کا دائرہ کار نہیں اور درخواست ناقابل سماعت ہے۔
[post-relate link=”https://humnews.pk//latest/193323/” position =”left”]
مقبوضہ وادی کشمیر میں بھارت کی جانب سے عائد کردہ جبری ریاستی پابندیوں اور بہیمانہ تشدد کا سلسلہ 26 ویں دن بھی جاری ہے۔
کرفیو کے مسلسل نفاذ کی وجہ سے مقبوضہ وادی کے مکین بدترین روحانی، جسمانی اور ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں لیکن ان کا پرسان حال کوئی نہیں ہے۔
مقبوضہ وادی چنار سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بارہ مولا میں سرچ آپریشن کے دوران بھارت کے قابض فوجیوں نے گولیاں مار کر ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔
علاقے سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بھارت کی ریاستی دہشت گردی، جبر و تشدد اور انسانیت سوز مظالم کے خلاف آج جمعہ کے دن غالب امکان ہے کہ مختلف علاقوں میں احتجاج کیا جائے گا۔
بھارتی افواج نے ایسی صورتحال سے بچنے کے لیے نافذ کرفیو میں نہ صرف مزید سختی کردی ہے بلکہ نفری کی تعداد بھی بڑھا دی ہے۔
بھارتی افواج نے گزشتہ دنوں بھی ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران مظاہرین پر اندھا دھند گولیاں برسائی تھیں، پیلٹ گنز کا بے دریغ استعمال کیا تھا اور آنسو گیس کے شیل فائر کیے تھے۔