غیرمعیاری ادویات کے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک التواء جمع


لاہور:پنجاب بھرکے سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کوبغیرٹیسٹ ادویات دینے کے خلاف مسلم لیگ ق کی خدیجہ عمرنے پنجاب اسمبلی میں تحریک التواء جمع کروا دی۔

تحریک التواء کے متن میں کہا گیا ہے کہ سرکاری اسپتالوں میں ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری سے تصدیق کروائے بغیرادویات خریدنے کاا انکشاف ہوا ہے۔ حکام کی نااہلی کے سبب ادویات بغیر کسی تجزیے کے مریضوں کو کھلائی جارہی ہیں۔

ق لیگی رکن اسمبلی کے مطابق چلڈرن اسپتال اور پنجاب میڈیکل کالج سے منسلک ٹیچنگ ہسپتالوں میں کروڑوں روپے کی ادویات ٹیسٹ کروائے بغیر فراہم کی گئیں۔ آڈٹ رپورٹ سے جناح ہسپتال میں بغیر ٹیسٹ کیے ادویات مریضوں کو کھلانے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ جس سے مریضوں میں سخت تشویش پائی جاتی ہے.

تحریک التواء کے مطابق ماضی میں پنجاب کارڈیولاجی انسٹی ٹیوٹ میں ایسے ہی ایک واقعے میں غیرمعیاری ادویات کے استعمال سے دو سو سے زائد مریض جان گنوا بیٹھے تھے۔ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مریضوں کا حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ اس نااہلی میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچائے۔

پنجاب میں حکومتی پالیسی کے مطابق معیاری اورغیرمعیاری ادویات کی جانچ کے لیے تمام ادویات کا ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری سے تجزیہ لازم ہے۔


متعلقہ خبریں